کارکن یوم شہداء کی تقریب میں شرکت کیلئے کل مال روڈ پہنچیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 16 جون 2016ء

مال روڈ، ہال روڈ کے تاجر دکانیں کھلی رکھیں حفاظت کی ذمہ داری لیتا ہوں، اجلاس سے خطاب
سربراہ عوامی تحریک سے سراج الحق کا ٹیلیفونک رابطہ، چودھری سرور، میاں عمران مسعود کی ملاقات

لاہور (16 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین، ذمہ داران، کارکنان جماعتی وابستگی سے بالا تر ہو کر شہدائے ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی اور احتجاج میں شریک ہو کر اپنا انسانی، اخلاقی فرض پورا کریں، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کسی ایک جماعت کے نہیں پوری قوم کے شہدا ہیں، سربراہ عوامی تحریک نے مال روڈ، ہال روڈ، انارکلی اور بیڈن روڈ کے تاجروں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ تاجر بے دھڑک اپنی دکانیں کھلی رکھیں، ہر دکان کی حفاظت کی میں ذمہ داری لیتاہوں اگر کوئی نقصان ہوا تو ہماری تحریک اسکی ذمہ دار ہو گی۔ ہمارے کارکن آپکی دکانوں کی حفاظت کریں گے اور دھرنے میں شرکت کرنیوالے ہمارے ہزاروں کارکنان آپکی دکانوں سے شا پنگ کریں گے اور آپکی سیل میں اضافہ ہو گا۔ تاجر کسی بات سے پریشان نہ ہوں یہ پر امن احتجاج ہے کسی قسم کے نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، بے گناہوں کو مارنے اور ملکی خزانہ بے دردی سے لوٹنے والے انجام کو پہنچیں گے۔ اسمبلیاں، تھانے اور کچہریاں کاروباری مارکیٹیں بن چکیں جہاں صرف انصاف کا خون اور ضمیروں کے سودے ہوتے ہیں۔ موجودہ نام نہاد جمہوری نظام غریب کی آہوں اور مظلوموں کی سسکیوں پر کھڑا ہے۔ جمہوریت کے نام پر جاری یہ تماشہ مزید نہیں چلے گا۔ مال روڈ کا دھرنا مظلوموں کو انصاف دلوانے اور قاتلوں کو پھندوں تک پہنچانے کیلئے ہے۔

سربراہ عوامی تحریک سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہوں نے انصاف کیلئے عوامی تحریک کے احتجاجی دھرنے کی مکمل حمایت کی، سراج الحق نے سربراہ عوامی تحریک کو یقین دلایا کہ ظلم کے نظام کے خاتمے اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے جب تک ظلم اور کرپشن ہے پاکستان کی تشکیل کے مقاصد پورے نہیں ہونگے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چودھری سرور نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نوازگنڈاپور، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ و دیگر رہنما شریک تھے۔ چودھری سرور نے بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے عوامی تحریک کے دھرنے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے موقف کی مکمل حمایت کی۔ چودھری سرور نے کہا کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ سرکاری فورس دن دہاڑے بے گناہوں کو قتل کرے اور پھر اس کی ایف آئی آر بھی درج نہ ہو اور درجنوں مظلوم اور مقتول انصاف سے محروم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ظلم اور ناانصافی سے نجات دلوانے کیلئے ایک فیصلہ کن عوامی سیاسی تحریک اور جدوجہد کی ضرورت ہے۔

ق لیگ کے رہنما میاں عمران مسعود نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور یوم شہداء کی تقریب میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔

گزشتہ روز سربراہ عوامی تحریک سے سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران نے بھی ملاقات کی اور 17 جون کے دھرنے کے انتظامات کے حوالے سے مکمل رپورٹ دی۔ سربراہ عوامی تحریک نے انتظامات اور شرکاء کی شرکت کے حوالے سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مال روڈ کے تاجر حکومت کے کسی بہکاوے میں نہ آئیں، یہ 14 بے گناہوں کے خون کا معاملہ ہے، تاجر برادری بھی اس احتجاج میں شریک ہو کر مظلوموں، مقتولوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار مال روڈ پر احتجاج کے ساتھ ساتھ نمازیں بھی ادا ہونگی، تراویح بھی ہونگی اور درود و سلام کی صدائیں بھی سربلند ہونگی۔ یہ دھرنا ملک، مال روڈ اور اس کے تاجروں کیلئے خیر و برکت کا باعث بنے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top