سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد کی سالانہ برسی کے موقع پر سیمینار

انسانیت کی خدمت کرنیوالے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، فرید ملت سیمینار سے مقررین کا خطاب
فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے دنیا بھر میں اسلام کی حقیقی تعلیمات پہنچ رہی ہیں

لاہور (22 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد محترم ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی سالانہ برسی پر’’ فرید ملت سیمینار ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں پاکستان بھر سے مختلف شعبہ جات اور مکتب فکر کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں ڈاکٹر فرید الدین کی اسلام، پاکستان اور شعبہ طب کیلئے انجام دی جانیوالی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ جبکہ قاری نورمحمد چشتی، بشارت جسپال، جواد حامد، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، عین الحق بغدادی، عدنان جاوید سمیت منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کے ممتاز قرآء اور ثناء خوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہنے والے عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ پر ایک احسان ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے فرزند ارجمند کی شاندار تربیت کر کے اسلام کی عالمی خدمت پر مامور کیا اور اس دھرتی کے عظیم سپوت کی محنت کے باعث اسلام کا روشن خیال پیغام دنیا کے چپے چپے پر پہنچ رہا ہے۔

مرکزی گوشہ درود کے سربراہ علامہ سید مشرف شاہ نے سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت علامہ صبغت اللہ قادری کو جبے کا تحفہ دیا۔

سیمینار سے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سلوک و طریقت اور شریعت کے علوم میں مہارت کے ساتھ ساتھ جدید علوم پر بھی مکمل دسترس رکھتے تھے۔ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ ایک صاحب علم اور انسانیت سے پیار کرنے والے شخص تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا فضل و کرم جب کسی انسان کے شامل حال ہو جائے تو اللہ تعالیٰ اپنے اس نیک بندے پر فیوض و برکات کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ زہد و تقویٰ کے پیکر تھے اور آج انہی کے نام پر قائم فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ دنیا بھر میں علم و عرفان کے موتی بکھیر رہا ہے اور ایک دنیا ان گوہر پاروں سے فیض یاب ہو رہی ہے۔ سیمینار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ کا خواب جلد مصطفویٰ انقلاب کی صورت میں پورا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top