جھنگ: فرید ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری کا 42واں عرس مبارک

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی، فریدِ ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے 42 ویں عرس مبارک کی تقریب 21 جولائی 2016 کو دارالعلوم فریدیہ قادریہ، ملحقہ درباد فریدِ ملت، بستی لوہلے شاہ، جھنگ صدر میں ہوئی۔ عرس کے موقع پر ’فرید ملت سیمینار‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی اسلام، پاکستان اور شعبہ طب کیلئے انجام دی گئی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سیمینار کی صدارت متولی دربار فرید ملت صاحبزادہ محمد صبغت اللہ قادری نے کی، جبکہ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور مہمان خصوصی تھے، تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب بشارت جسپال، ڈائریکٹر دارالعلوم فریدیہ قادریہ علامہ حافظ عبدالقدیر قادری، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، شہزاد رسول قادری، قاری نور محمد چشتی، عین الحق بغدادی، عدنان جاوید سمیت تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔

’فرید ملت سیمینار‘ کا آغاز نجم القرا قاری نور احمد چشتی کی تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد تاجدار کائنات صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے جس کی سعادت الحاج محمد افضل نوشاہی، محمد سرور صدیق، شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل لاہور، شہزاد برادران، فرید نعت کونسل جھنگ اور دیگر نعت خواں حضرات نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد حسنین حیدر نے سرانجام دیئے جبکہ استقبالیہ کلمات نوجوان سکالر صاحبزادہ عمر مصطفیٰ قادری نے پیش کیے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہنے والے عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کا امت مسلمہ پر احسان ہے کہ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسے فرزندِ ارجمند کی شاندار تربیت کر کے اسلام کی عالمی خدمت پر مامور کیا اور اس دھرتی کے عظیم سپوت کی محنت کے باعث اسلام کا روشن خیال پیغام دنیا کے چپے چپے پر پہنچ رہا ہے۔

اس موقع پر علامہ غلام ربانی تیمور نے بھی خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سلوک و طریقت اور شریعت کے علوم میں مہارت کے ساتھ ساتھ جدید علوم پر بھی مکمل دسترس رکھتے تھے۔ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ ایک صاحب علم اور انسانیت سے پیار کرنے والے شخص تھے۔ اللہ کا فضل و کرم جب کسی انسان کے شامل حال ہو جائے تو اللہ تعالیٰ اپنے اس نیک بندے پر فیوض و برکات کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ زہد و تقویٰ کے پیکر تھے، آج انہی کے نام پر قائم فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ دنیا بھر میں علم و عرفان کے موتی بکھیر رہا ہے اور ایک دنیا ان گوہر پاروں سے فیض یاب ہو رہی ہے۔ سیمینار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ کا خواب جلد مصطفویٰ انقلاب کی صورت میں پورا ہو گا۔

سمینار کے اختتام پر مرکزی گوشہ درود کے مربی سید مشرف شاہ نے سجادہ نشین دربار عالیہ فریدیہ قادریہ علامہ صبغت اللہ قادری کو جبے کا تحفہ پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top