شہر اعتکاف 2008ء : پانچواں روز (اعتکاف ڈائری)

شہر اعتکاف سے ۔۔۔۔۔۔ ایم ایس پاکستانی
(معاون: محمد نواز شریف)

فہم دین، تذکیہ نفس، اصلاح احوال، توبہ اور آنسووں کی بستی شہر اعتکاف کا پانچواں روز مورخہ 26 ستمبر جمعۃ المبارک کا تھا جس کی تیاری کے لیے معتکفین نے نماز فجر اور اشراق کی ادائیگی کے بعد ہی تیاریاں شروع کر دیں۔ تمام حلقہ جات گیارہ بجے تک خالی ہو چکے تھے اور معتکفین نماز کے لیے مسجد جانا شروع ہو گئے تھے۔ دوسری طرف جمعۃ الوداع کے لیے جامع المنہاج کے گرد و اطراف کی سڑکوں پر بھی صفیں بچھائی گئیں۔ جو نمازیوں سے بھر گئیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ٹھیک ایک بجے مسجد کے صحن میں سٹیج پر تشریف لائے۔

"اسلام کے تصور امن میں اقلیتوں کے حقوق" کے موضوع پر آپ کا خطاب ہوا جو کیو ٹی وی اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست سنا گیا۔

جمعہ کی نماز کے فوری بعد سہ پہر چار بجے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی تعارفی نشست شروع ہوئی۔ اس موقع پر منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین نے ملک بھر سے آئے تحصیلی و ضلعی عہدیداران کو منہاج القرآن کی مرکزی ویب سائٹ minhaj.org کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس بریفنگ کے بعد شرکاء نے مختلف سوالات بھی پوچھے۔ اس نشست میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی طرف سے تمام مرکزی ویب سائٹس کے تعارف پر مشتمل بروشر بھی شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔

نماز عصر کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس کے ملک بھر سے آئے معتکفین عہدیداران کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیساتھ افطاری تھی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور دیگر قائدین بھی پروگرام میں موجود تھے۔ منہاج یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کی مرکزی قائدین محمد بلال مصطفوی، ساجد ندیم گوندل، چودھری ظہیر عباس گجر، محمد امجد اور طیب ضیاء کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ الاسلام نے منہاج یوتھ لیگ اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے آئے معتکف طلبہ کو بھی خوش آمدید کہا۔ آپ نے مزید کہا کہ نوجوان اور طلبہ تحریک منہاج القرآن کا پیغام مزید بہتر انداز میں دنیا تک پہنچائیں۔ نوجوان اور طلبہ تحریک منہاج القرآن کا تازہ دم دستہ اور سرمایہ ہیں۔

نماز تروایح کے بعد ایرانی قرآء کیساتھ محفل قرآت و نعت کا اہتمام کیا گیا۔ اس محفل کا آغاز قاری ظہیر احمد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد محفل نعت میں الطاف برادران سمیت دیگر معروف نعت خواں حضرات نے مدح سرائی کی۔ ایرانی قرآء میں سے قاری ماشاء اللہ نے نہایت پر سوز اور خالص ایرانی انداز میں تلاوت قرآن پاک کی تو ماحول سبحان اللہ اور ماشاء اللہ و جزاک اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے کہا کہ ایران بھی پاکستان کے ساتھ ان عجمی ممالک میں شامل ہے جن کو عرب عجمی کہتے ہیں۔ ایرانی حکومت کی خاص دلچسپی کی وجہ سے ملک میں قرآن پاک کے شعور کا فروغ اور قراء کی سرکاری سرپرستی کی جاتی ہے۔ آپ نے کہا کہ جس خاص انداز اور لے میں ایرانی قراء تلاوت قرآن کرتے ہیں وہ پاکستان میں نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہاں حکومتی اور سرکاری دل چسپی کا نہ ہونا ہے۔

ایرانی قونصلیٹ جنرل لاہور ڈاکٹر الرضا عباسی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس قدر ہمیں منہاج القرآن اور شہر اعتکاف میں آ کر وجد و سکون ملتا ہے وہ دنیا کے کسی اور کونے میں نہیں ہے۔ ایرانی قراء کی طرف سے سبحان گروپ نے قصیدہ بردہ شریف اور اس کے ساتھ اردو ترجمہ اور نعت مبارکہ "المدد یارسول اللہ المدد" بھی پیش کی۔ اس نعت پر ماحول ایک بار پھر وجد و کیف میں آ گیا۔ پروگرام کے آخر میں شیخ الاسلام نے ایرانی قراء کو پروگرام کے آخر میں اہل بیت کے حوالے سے اپنی کتب کا تحفہ بھی دیا۔ اس کے بعد شیخ الاسلام کی دعا سے پروگرام ختم ہوا۔

جھلکیاں

  1. صبح دس بجے سے ہی جمۃ الوداع کے لیے لوگوں کی آمد شروع ہو گئ۔
  2. معتکفین کے علاوہ بیرون شہر سے جامع المنہاج آنے والے نمازیوں کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
  3. 11 بجے مسجد کا ہال نمازیوں سے بھر چکا تھا۔
  4. جمعۃ الوداع کا پروگرام ساڑھے گیارہ بجے شروع ہو گیا۔ اس موقع پر تلاوت کے بعد عنصر علی قادری اور دیگر نعت خواں حضرات نے مدح سرائی کی۔
  5. جمعۃ الوداع کے پروگرام میں وقاص علی قادری اور سید فرحت حسین شاہ نے نقابت کی۔
  6. شیخ الاسلام 12 بجکر 55 منٹ پر پنڈال میں تشریف لائے تو تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر استقبالی نعروں سے آپ کا استقبال کیا۔
  7. دوپہر ایک بجے شیخ الاسلام کا خطاب شروع ہوا اور اس کے ساتھ پروگرام کی لائیو کوریج کیو ٹی وی اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے ذریعے نشر کی گئی۔
  8. شیخ الاسلام کا خطاب 2 بجکر 30 منٹ پر ختم ہوا۔
  9. جمعہ کی نماز کے بعد محمد افضل نوشاہی، شہزاد برادران، شکیل احمد طاہر، عنصر علی قادری اور دیگر نعت خوانوں نے مشترکہ درود و سلام پڑھا۔
  10. چار بجے مسجد کے صحن میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی تعارفی نشست ہوئی۔
  11. محفل قرات و نعت پونے بارہ بجے شروع ہوئی۔
  12. ایرانی قراء کیساتھ خانہ فرہنگ ایران کے لاہور میں متعین ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالرضا عباسی بھی موجود تھے۔
  13. ایرانی قرآء کے علاوہ منہاج نعت کونسل، عنصر علی قادری اور دیگر نعت خواں حضرات نے بھی نعت خوانی کی جبکہ وقاص علی قادری نے اس پروگرام کی نقابت کی۔
  14. پروگرام صبح پونے چار بجے ختم ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top