سپیشل طلبہ و طالبات کے کمپیوٹر کورس کی تکمیل پر تقسیمِ اسناد کی تقریب

مورخہ: 11 اگست 2016ء

نظامتِ تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام نابینا طلبہ و طالبات کو مفت تعلیمی و کمپیوٹر شارٹ کورسسز کی تکمیل کے بعد 11 اگست 2016 کو اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود تھے، جبکہ تقریب میں ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، ناظمِ تربیت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی، ڈائریکٹر شعبہ آئی ٹی محمد ثناءاللہ، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی اور جواد حامد سمیت دیگر قائدین شریک تھے۔ شرکاء نے کامیاب کورسسز پر طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نابینا افراد اپنے بہتر مستقبل کے لیے حکومت کی توجہ چاہتے ہیں، مگر بدبخت حکمران ان پر لاٹھیاں برساتے ہیں۔ نابینا بچوں نے مفت کمپیوٹر کورسسز کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کو خط لکھا جس کی تعمیل ہوئی، الحمدللہ آج 30 بچے کورس مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

میاں عمران مسعود نے اس موقع پر کہا کہ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی عالمگیر ویلفیئر کی جدوجہد کا ہمیشہ دل و جان سے معترف رہا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سپیشل افراد کو اعلیٰ تعلیم کے راستے پر ڈالا۔ جب سوسائٹی کسی دکھی کے سر پر ہاتھ رکھتی ہے تو اس کام میں اللہ کی مددو نصرت بھی شامل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پرسنز ہمارے قومی جسم کا حصہ اور ہمارا فخر ہیں ان کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں، اس کار خیر کو جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کورس کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لینے پر خرم نواز گنڈاپور کو ہدیہ تبریک پیش کیا۔

سپیشل طلبہ و طالبات نے مفت کمپیوٹر کورس کروانے پر بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا اور ان کی صحت و تندرستی کیلئے دعائیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم اپنے حق کیلئے حکمرانوں کے دروازے پر جاتے ہیں تو ہمیں دھکے دئیے جاتے ہیں، ہماری عزت نفس کو پامال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ سپیشل افراد کو بھی پاکستانی معاشرے کا حصہ سمجھے۔ طلبہ و طالبات نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی حکام سے مفت کورس کی استدعا کی تھی جسے نہیں مانا گیا، علم حاصل کرنے کی خواہش کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے عملی جامہ پہنایا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top