برطانیہ: الہدایہ یوتھ کیمپ 2016
لندن: منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ نے 27 سے 29 اگست 2016 کو سٹوک آن ٹرینٹ (Stoke on Trent) میں سالانہ تین روزہ ’الہدایہ یوتھ کیمپ‘ کا انعقادکیا۔ یورپ اور برطانیہ سے سینکڑوں طلباء و طالبات نے کیمپ میں شرکت کی۔ اس کیمپ کا مقصد برطانیہ اور یورپ میں مقیم مسلمان نوجوانوں کو شدت پسندی، انتہا پسندی، بنیاد پرستی اور اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور ان کے تدارک کے بارے میں علمی و عملی آگاہی فراہم کرنا تھا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے الہدایہ یوتھ کیمپ 2016 کی صدارت کی۔ علامہ سہیل احمد صدیقی اور ڈاکٹر زاہد اقبال سمیت مختلف مکتبہ ہائے فکر سے وابسطہ اسکالرز، علمائے کرام اور ماہرین تعلیم نے کیمپ کے سیشنز میں مختلف موضوعات پر خطابات کیے۔ اس کے ساتھ محفل نعت، محفل سماع اور کھیلوں سمیت مختلف تفریحی سرگرمیاں بھی کیمپ کا حصہ تھیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری امت مسلمہ اور انسانیت کو امن کی تعلیمات دی ہیں۔ آپ نے دہشت گردی کے خلاف مدلل فتویٰ اور نوجوان نسل کے لیے ’نصابِ امن‘ جاری کر کے علمی محاذ پر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا۔ اب نوجوان نسل کا فریضہ ہے کہ وہ اس علمی اسلحہ سے لیس ہوکر معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علم کی طاقت سے انتہاپسندی کا مقابلہ کریں۔ اس کے لیے طلبا عصری علوم کے ساتھ دینی علوم کے حصول پر بھی توجہ دیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ دینی درسگاہیں جدید علوم اور جدید طرز تعلیم اپناتے ہوتے ہوئے نوجوان نسل کی راہنمائی کریں، جو وقت کی ضرورت ہے۔
کیمپ کے اختتامی سیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس شاہ بخاری اور سیکرٹری جنرل معظم رضا نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کیمپ سے صحت مند اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں مدد ملے گی اور امت مسلمہ کے عزت و وقار میں اضافے ہوگا۔ الہدایہ کیمپ کے اختتام پر امت مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کے استحکام و ترقی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ