برطانیہ کو ’’ٹھوس‘‘ ثبوت بھجوانے کا جھوٹ بھی بے نقاب ہو گیا: ڈاکٹر طاہرالقادری

3 ستمبر کو بتاؤں گا کون کس کا نمک خوار اور کون پاکستان کا نمک حرام ہے، سربراہ عوامی تحریک
وزیر اعظم کے پاس بلوچستان میں کلبھوشن جیسے نیٹ ورک توڑنے کا بھی کوئی منصوبہ ہے؟
کابینہ نے سالمیت پر حملوں کی مذمت نہ کر کے 18 کروڑ عوام کے قومی جذبات کو مجروح کیا
3 ستمبر راولپنڈی میں قصاص و سالمیت پاکستان مارچ میں اہم اعلانات ہوں گے، 10 رکنی کمیٹی قائم

لاہور (یکم ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ برطانیہ کو ٹھوس ثبوت بھجوانے کا جھوٹ بھی قوم کے سامنے آ گیا۔ حکمرانوں میں پاکستان کو گالیاں دینے والوں اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنے والوں کا نام لے کر مذمت کرنے اور قرارداد لانے کی جرات اور غیرت پیدا کیوں نہیں ہو رہی؟ ۔ وفاقی کابینہ نے سالمیت پاکستان پر حملوں کا نوٹس نہ لے کر 18 کروڑ عوام کے قومی جذبات کو مجروح کیا۔ 3 ستمبر کو بتاؤں گا کون کس کا نمک خوار اور کون پاکستان کا نمک حرام ہے۔ وزیر اعظم بتائیں ان کے پاس بلوچستان میں کلبھوشن جیسے نیٹ ورک ختم کرنے کا بھی کوئی منصوبہ ہے؟ کرپشن اور دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑے بغیر پاکستان کے خلاف اندرونی بیرونی سازشیں ختم نہیں ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے 3 ستمبر کے قصاص و سالمیت پاکستان مارچ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 3 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی بھی قائم کی۔ کمیٹی اپوزیشن جماعتوں، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کو سالمیت پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دے گی۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سربراہ عوامی تحریک کی ہدایت پر آج رات راولپنڈی روانہ ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پانامہ لیکس پر شفاف تحقیق کے قومی مطالبہ کو سبوتاژ کرنے کیلئے انکوائری ایکٹ لایا جارہا ہے۔ وزیراعظم پارلیمنٹ، کابینہ اور دیگر آئینی فورمز، خاندانی کرپشن کو چھپانے اور بچانے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ یکطرفہ طور پر انکوائری ایکٹ کی کابینہ سے منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی وزراء نے ٹی او آرز کی تیاری کے ضمن میں قوم کو کئی ہفتے بے وقوف بنائے رکھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھاکررہے ہیں، آل شریف کا کوئی ہتھکنڈہ کارگر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو سب سے بڑا خطرہ کلبھوشن نیٹ ورک سے ہے مگر وزیراعظم کے منصوبوں میں دہشت گردوں، جاسوسوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top