ڈاکٹر طاہرالقادری کی شیخ رشید سے ٹیلیفون پر گفتگو، عوامی تحریک لاہور کو پی ٹی آئی کے مارچ میں بھرپور شرکت کا حکم

راولپنڈی کا قصاص مارچ قاتلوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری
بے گناہوں کے خون کا قصاص نہ لیا تو پھر کوئی ظالم حکمران کا بال بھی بیکا نہ کر سکے گا
دہشت گردوں نے وکلاء کو ٹارگٹ کر لیا، مردان دہشت گردی قابل مذمت ہے
بے گناہوں کے قاتل حکمران، کوئٹہ، کراچی، مردان، لاہورکے مظلوموں کو کیا انصاف دینگے؟
راولپنڈی کی سڑکوں پر قاتلوں کے خلاف عوام کا سمندر رواں دواں ہو گا: شیخ رشید

لاہور (2 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا 3 ستمبر کا قصاص و سالمیت پاکستان مارچ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کیلئے پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کوانصاف کے تقاضوں کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا ہو گا۔ دہشت گردوں نے وکلاء کو ٹارگٹ کر لیا، سانحہ کوئٹہ کے سہولت کار اور ذمہ دار کٹہرے میں لائے جاتے تو مردان کے سانحہ سے بچا جا سکتا تھا۔ وکلاء بھی دہشت گردی کے خاتمے اور سالمیت پاکستان کے تحفظ کیلئے ہونیوالے احتجاج میں شرکت کریں۔ پاکستان کو لوٹنے والی قوتیں جس طرح اکٹھی ہیں اسی طرح پاکستان کو بچانے کیلئے بھی محب وطن قوتوں اور عوام کو یکجا ہونا ہو گا۔ وہ گزشتہ روز یہاں سنٹرل کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹیلیفون پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے بھی گفتگو کی اور قصاص و سالمیت پاکستان مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مردان دہشت گردی کی مذمت کی۔ شیخ رشید نے ٹیلیفون پر بتایا کہ 3 ستمبر کو راولپنڈی کی سڑکوں پر لٹیروں اور قبضہ گروپ حکمرانوں کے خلاف عوام کا سمندر رواں دواں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی بھرپور نمائندگی ہو گی۔ یہی تحریک حکمرانوں کے عوامی مواخذے کا سبب بنے گی۔ سالمیت کے دشمن حکمرانوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو قومی ایجنڈے پر اکٹھا کر لیا جلد سڑکوں پر بھی اکٹھا ہونگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں یہ کوئٹہ، کراچی، مردان، پشاور، لاہور کے مظلوموں اور شہیدوں کو کیا انصاف دلوائیں گے۔ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ قومی ایجنڈے پر اتفاق ہوا، یہ ایجنڈا انسانی حقوق کے قاتلوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا، لوٹی گئی دولت برآمد کرنا اور دہشت گردی اور قومی سلامتی کے تحفظ پر مبنی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شہداء اور قاتلوں کے چہرے ہر وقت ہماری آنکھوں کے سامنے رہتے ہیں۔ ہمیں دو سال سے انصاف نہیں ملا۔ ہماری ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا گیا۔ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ جاری کرنے سے انکار کیا گیا اسی لیے کہتے ہیں کہ ایف آئی آر درج کروانے والے آرمی چیف ہمیں انصاف بھی دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بے گناہوں کے خون کا قصاص نہ لیا تو پھر کبھی کسی طاقت ور قاتل حکمران کا کوئی بال بھی بیکا نہ کر سکے گا اور اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران اپنی سیاست کیلئے کمزوروں کی جانیں لیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کاقصاص سانحہ کوئٹہ کے شہداء، سانحہ مردان کے شہداء، سانحہ واہگہ بارڈر لاہور کے شہداء، سانحہ اقبال پارک کے شہداء اور کراچی کے سانحات کے شہداء کو انصاف دلوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 20 کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں اور ظالم نظام کے خلاف ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں کی دی جانیوالی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 3 ستمبر کو لاہور میں بھی عوامی تحریک کے کارکن پی ٹی آئی کے مارچ میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور کے کارکنان کو حکم دیتاہوں کہ وہ جوق در جوق پی ٹی آئی کے مارچ میں شریک ہوں اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مردان میں خودکش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سینئر صحافی زاہد ملک کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی صحافتی خدمات نوجوان صحافیوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top