اٹلی: چینتو میں عالمی سفیر امن کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی چینتو نے 16 ستمبر 2016 کو ’’عالمی سفیر امن‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے مختلف فورمز کے عہدیداران و کارکنان، مقامی تنظیمی نمائندوں سمیت پاکستانی و اطالوی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اٹلی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پروگرام تھا۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام سے منسوب تحریکی ترانے اور ملی نغمے بھی دکھائے گئے۔ یہاں اطالوی اور انگریزی زبان میں مترجم ڈاکو منٹری بھی پیش کی گئی جس میں عالم اسلام کی عظیم شخصیات کے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بارے تاثرات شامل تھے۔
کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذریعہ ٹیلی فون خطاب کیا۔ جس میں آپ نے عالمی فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی پر مرتب کردہ اپنے نصاب کا تعارف کرایا۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں امن کے قیام اور خارجیت کے خلاف جدوجہد کرنے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی عالم اسلام ہی نہیں پوری انسانیت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔ دہشت گردوں نے طاقت کے حصول اور مالی مفادات کی خاطر اسلام کو بدنام کیا۔ ہم اسلام کے دامن سے دہشت گردی کا دھبہ صاف کر کے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ امتِ مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے اپنا کرداد ادا کرے۔
شیخ الاسلام کے خطاب کے بعد ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی اٹلی کی طالبہ عائشہ علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نے پوری دنیا میں امن، محبت اور علم کے پیغام کو عام کیا ہے۔ گزشتہ چونتیس سال سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انتہا پسندی، تنگ نظری، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف علمی و فکری میدانوں میں بھرپور جدوجہد کی ہے۔ اِنتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ناقابلِ تردید دلائل و براہین پر مشتمل آپ کا تاریخی فتوی 2010ء سے کتابی شکل میں دستیاب ہے۔ یہ مبسوط فتویٰ اُردو، انگریزی، ہندی اور انڈونیشین زبانوں میں شائع ہوچکا ہے جب کہ عربی، نارویجن، ڈینش، فرانسیسی، جرمن اور اسپینش زبانوں میں زیراشاعت ہے۔
شیخ الاسلام نے ’فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب (Islamic Curriculum on Peace and Counter-Terrorism) ترتیب دے کر نہ صرف اُمتِ مسلمہ بلکہ پوری دنیا کو ایک عدیم النظیر اور فقیدالمثال تحفہ دیا ہے۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
رپورٹ (حسن زمان تارڑ)
تبصرہ