عمران سے اختلاف ہے نہ ناراضگی احتساب کی جنگ میں اپوزیشن کے ساتھ ہیں : ڈاکٹر طاہرالقادری
اطلاع ملی ن لیگ اپنے پانچ چھ بندے مروا کر ماڈل ٹاؤن مقدمے کے
مقابل مقدمہ کھڑا کرنا چاہتی ہے
شریف برادران کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنیوالا میں سب سے پہلا شخص ہوں، نواز مودی
ایک سکے کے دو رخ ہیں
لاہور (29 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان سے کوئی اختلاف ہے نہ لڑائی، کرپشن کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ ہیں، ہماری اخلاقی حمایت تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ اگر ہم نے رائے ونڈ احتجاج میں علامتی شرکت بھی کی تو ن لیگ اپنے پانچ چھ بندے مرواکر کہے گی کہ عوامی تحریک والوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا بدلہ لے لیا، یہ اطلاعات بھی تھیں کہ یہ اپنے لوگوں کے سروں پر عوامی تحریک کے پرچم بندھوا کر خون خرابا کروائیں گے، یہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے کے مقابلے میں ایک مقدمہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں ہم انکی ایسی کسی سازش کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو خراب نہیں ہونے دیں گے، ہم ماڈل ٹاؤن کا بدلہ لیں گے اور شریف برادران اس کیس میں پھانسی چڑھیں گے۔ ان اطلاعات کی بنا پر ہم نے رائے ونڈ میں احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلا راؤنڈ مکمل کر لیا، اگلے ہمارے دو فیز سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے منسلک ہیں، اپنی حکمت عملی کے مطابق دوسرے راؤنڈ کا اعلان کریں گے اور وقت کا تعین خود کریں گے۔ ہمارے کارکنوں نے پورے اگست میں پونے دو سو شہروں میں احتجاج کیا، مالی قربانیاں دیں، خرچے کئے، جدوجہد کی، ہم بلا وجہ پے درپے کارکنوں کو تھکانا اور انکا خرچہ نہیں کروانا چاہتے، ہم با مقصد جدوجہد جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ہر جدوجہد کا ایک ٹائم فریم ہوتا ہے۔ جہاں تک پہلے راؤنڈ میں ایک دوسرے کے احتجاج میں علامتی شرکت کا تعلق ہے تو اسکی وجہ یہ تھی کہ ہمارے وفود تحریک انصاف کو دعوت دینے جاتے تھے اور انکے رہنما جن میں جہانگیر ترین، چودھری سرور و دیگر لوگ شامل ہوتے تھے وہ ہمیں دعوت دینے کیلئے آتے تھے۔ 30 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے ہمیں کوئی دعوت دینے نہیں آیا اس کے باوجود ہماری کوئی ناراضگی نہیں ہے وہ اپنی جماعت کے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں جیسے اپنے فیصلوں کے حوالے سے ہم آزاد ہیں۔ پانامہ لیکس کے احتساب کے حوالے سے ہم تحریک انصاف سمیت پوری اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔ شریف برادران کی کرپشن کے خلاف ملک میں آواز بلند کرنیوالا سب سے پہلا شخص میں ہوں۔ میں انہیں دنیا کا کرپٹ ترین طبقہ سمجھتا ہوں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف نواز اور مودی کا مشترکہ پلان چل رہا ہے۔ ادھر مودی لیگ ہے ادھر نواز لیگ ہے۔ رائے ونڈ کا مارچ ہو یا احتساب تحریک اس کو ڈی فیوز کرنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر ڈرامہ کھیلا جاتا ہے۔ پاکستانی فوج نے کوئی کشیدگی نہیں کی کوئی گولی نہیں چلائی، آج انڈیا کی پارلیمنٹ کے ممبران نے حکومت انڈیا سے اعتراض کیا ہے کہ پاکستا ن کی طرف سے کوئی فائرنگ نہیں ہوئی، تم کس بنیاد پر کہہ رہے ہو کہ انکی فائرنگ کا جواب دیا، یہ آج انڈین اپوزیشن نے کہاہے، یہ سب مودی سرکار، نواز سرکار کو تحفظ دینے کیلئے کرتی ہے یہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ میں نے جو کچھ پہلے کہا اسکا یہ جواب نہیں دے سکے اسکا بھی انکے پاس کوئی جواب نہیں ہم انہیں ننگا کریں گے، ہماری جنگ جاری رہے گی، قصاص کی جنگ بھی، احتساب کی جنگ بھی اور انکی کرپشن کے خاتمے کی جنگ بھی۔
تبصرہ