منہاج القرآن ویمن لیگ اور خانہ فرہنگ ایران کے اشتراک سے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار کا انعقاد

سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حسینیت کی ترجمانی کا حق ادا کیا: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
جہاں حق اور انصاف کی بات ہو گی وہاں ماڈل ٹاؤن کے مظلوم شہیدوں کی بات بھی ضرور ہو گی
خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا: مقررین
خانہ فرہنگ ایران سے مسز بانی اسدی اور مسز اکبر برخورداری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں
سیمینار سے آمنہ الفت، سعدیہ سہیل رانا، سجیلہ معظم، فرح ناز و دیگر خواتین کا خطاب

لاہور (07 اکتوبر 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ اور خانہ فرہنگ ایران کے اشتراک سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بنت علی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کی صدار ت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کی۔ خانہ فرہنگ ایران سے مسز بانی اسدی اور مسز اکبر برخورداری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مسلم لیگ ق کی رہنما آمنہ الفت، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی ناظمہ سجیلہ معظم، ثمینہ احمد، ڈاکٹر ثمر فاطمہ و دیگر خواتین رہنماؤں نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا۔ آج کی عورت عقیلہ بنی ہاشم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر کبھی کامیابی و ترقی حاصل نہیں کر سکتی، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حسینیت کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حق کیلئے وقت کے یزیدوں کو للکارا۔ جہاں حق کی بات ہو گی، عدل و انصاف کی بات ہو گی اور آج کے یزیدوں کے سامنے کلمہ حق کہنے کی بات ہو گی وہاں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم شہیدوں کی بات بھی ضرور ہو گی۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے جرات و، بہادری، صبر اور استقامت کا پہاڑ بن کر ظالم اور جابر حکمرانوں کا مقابلہ کیا، آج ہم سیدہ کائنات کی بیٹی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سنت پر عمل کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کر تے ہیں۔ 17 جون کو شہید ہونیوالی بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ آج کے کرپٹ، ظالم، قاتل اور جابر حکمرانوں کو للکارتے ہیں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی ناظمہ معروف مذہبی سکالر سجیلہ معظم نے کہاکہ ذکر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور ذکر اہل بیت نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو متحد اور یکجا کیا۔ کربلا میں جب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا تنہا رہ گئیں اور انکے ساتھ اسیروں کا قافلہ تھا جبکہ مقابلے میں ظالم دشمنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا۔ سلام پیش کرتے ہیں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے صبر کو کہ انہوں نے سفاکیت اور بربریت کے اس دور میں کمال تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یزیدی دہشتگردی اور حسینی امن پسند ی کا فرق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کئی یزید سر اٹھا رہے ہیں جن کے مقابلے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہو گا۔

مسلم لیگ ق کی رہنماء آمنہ الفت نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت انسانیت کیلئے عظمت اور مشعل راہ ہے، مسلم خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو رول ماڈل بنا کر شرم و حیا کا پیکر بننا ہو گا۔ تعلیمات سیدہ زینب سلام اللہ علیہا پر عمل کر نا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت بیان کرتے ہوئے آمنہ الفت جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔

پی ٹی آئی کی رہنما ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے آج کی ماں کو رہنما اصول علی علیہ السلام کی بیٹی کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو ہر موقع پر اپنے ساتھ رکھا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہاکہ نئی نسل کو مقام اہل بیت کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بیٹوں عون و محمد علیہما السلام کو کربلا میں قربان کر کے پوری انسانیت کو قربانی اور ایثار کا عظیم درس دیا۔

سیمینار سے ڈاکٹر ثمر فاطمہ، افنان بابر، عائشہ مبشر و زہرا بی بی دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top