EOBI کے عمر رسیدہ پنشنروں کو دو بنکوں کے درمیان فٹ بال بنا دیا گیا: جی ایم ملک
محکموں کے ملازمین کی تنخواہ میں ہر سال اضافہ، بزرگ پنشنرز کے
ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے
انتہائی کم پنشن میں بزرگ شہری ادویات بھی نہیں خرید سکتے، سیکرٹری اطلاعات سنیئر سٹیزن
فاؤنڈیشن
لاہور (06 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء اور سینئر سٹیزن فاؤنڈیشن کے سیکرٹری اطلاعات جی ایم ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے پنشنرز کے ساتھ توہین آمیز سلوک کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ 5 ہزار پنشن لینے والے عمر رسیدہ شہریوں کو بنکوں کے درمیان فٹ بال بنا دیا گیا۔ زندگی کے بہترین سال وطن عزیز کی خدمت میں صرف کرنے والے بزرگ شہریوں کے ساتھ حکمران اپنی سوچ بدلیں۔ انہوں نے کہاکہ اول تو موجودہ مہنگائی کے دور میں 5 ہزار روپے کی انتہائی کم رقم دی جاتی ہے جس سے بزرگ شہری ادویات بھی نہیں خرید سکتے۔ دوم نیشنل بنک سے پنشن لینے والوں کو بتایا جاتا ہے کہ اپنی پنشن الفلاح بنک سے لیں جب وہ الفلاح بنک جاتے ہیں تو وہاں کی انتظامیہ کہتی ہے کہ نیشنل بنک جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے ملازمین تنخواہوں میں ہر سال 15 سے 20 فی صد اضافہ ہوتا ہے مگر پنشنرز کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسی ریاست ہے جس کے ایک ادارے EOBI کے ڈی جی غریب ملازمین اور بزرگ پنشنرز کے اربوں روپے لے کر بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشنرز کے ساتھ مذاق بند کیا جائے۔ پنشن میں اضافہ کیا جائے اور EOBI کی کرپٹ مچھلیوں کو گرفتار کر کے پنشنرز کی رقم ریکور کی جائے۔
تبصرہ