منہاج القرآن کے زیر اہتمام ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ کل ہو گی

مرکزی پروگرام ماڈل ٹاؤن میں ہو گا، ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے
لاہور کی 3 سو مساجد میں پیغام امام حسین علیہ السلام کے عنوان سے کانفرنسز منعقد ہوں گی، علامہ میر آصف اکبر
یزیدی نظام کے خلاف آواز بلند کرنا درس حسینی ہے : حافظ غلام فرید
حسینیت کا پیغام امن و سلامتی اور انصاف ہے، لاہور کے اجلاس سے خطاب

لاہور (10 اکتوبر 2016) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام 9 محرم الحرام (منگل) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل تاؤن میں پر ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ منعقد ہو گی۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما علامہ نیاز حسین بخاری، علامہ اسلم ندیم نقشبندی، الحاج امداد اللہ قادری و دیگر خطاب کریں گے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر مرکزی پروگرام ہو گا، جبکہ لاہور کی 2 سو مساجد میں پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے ان عظیم الشان کانفرنسز کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم کے خلاف اٹھنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن علماء کونسل پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کر کے امن، محبت، رواداری اور مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی سینکڑوں مساجد میں علماء کونسل کی تحصیلی تنظیمات یوم عاشور پر پیغام امام حسین علیہ السلام کے عنوان سے پروگرام کر رہی ہیں۔

دریں اثناء منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹریٹ میں 9 محرم کو ہونیوالی پیغام امام حسین کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں لاہور تنظیم کے عہدیداران شریک تھے۔ حافظ غلام فرید نے کہاکہ مرکزی سیکرٹریٹ پر ہونیوالی کانفرنس سمیت لاہور بھر میں 2 سو مقامات پر ہونیوالے پروگرام کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ قوم کو یزیدی نظام کے خلاف اٹھنے کا عہد کرنا ہو گا، اسی سے ملکی استحکام اور خوشحالی نصیب ہو گی، یزیدی رویوں کے خلاف جہد مسلسل سے ہی عظمت اور ترقی حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسینیت کا درس قربانی بن کر یزیدی رویوں کے خلاف بر سر پیکار رہنا اور انسانیت کو امن و سلامتی کا ماحول دینا ہے، امام حسین علیہ السلام کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم کے خلاف شعور دیتی ہے۔ حسینیت کا پیغام قیامت تک پوری انسانیت کو امن، سلامتی، انصاف کی چھاؤں دیتا رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top