ظلم و انصافی کیخلاف جاری تحریکوں کیلئے اہل بیت کا کردار مشعل راہ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
کربلا کا پیغام ظالم حکمرانوں کے سامنے کبھی سرنڈر نہ کرنا ہے،
سربراہ پاکستان عوامی تحریک
اہل بیت نے اسلام کے لبادے میں اقتدار کا تحفظ چاہنے والے عناصر کی ملوکیت اور
سفاکیت کو بے نقاب کیا
لاہور (11 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اہل بیت نے جہاں جانوں کے نذرانے دے کر اسلام کے لبادے میں اقتدار کا تحفظ چاہنے والے عناصر کی ملوکیت اور سفاکیت کا پردہ چاک کیا وہاں خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بے مثال قربانیاں دے کر مظلوم اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کا تحفظ بھی کیا اور یزیدی فکر کو نیست و نابود کیا۔ انہوں نے عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے کہا کہ ظلم کے خلاف جاری تحریکوں کیلئے اہل بیت کا کردار اور جدوجہد مشعل راہ ہے۔ کربلا کا پیغام ظالم اور سفاک حکمرانوں کے سامنے کبھی سرنڈر نہ کرنا ہے۔ کربلا میں دی جانیوالی عظیم قربانیوں نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حق اور باطل کے درمیان لیکر کھینچ دی۔ حضرت امام حسین علیہ السلام سے امت مسلمہ کے ہر فرد کو سر اٹھا کر چلنے اور سچ بولنے کا سلیقہ اور جرات اظہار ملی۔ کربلا کا پیغام ظالم اور فاسق حکمرانوں کے سامنے کبھی سرنڈر نہ کرنا ہے۔ یزید ملعون نے اقتدار بچانے کیلئے مقدس نفوس کی بے حرمتی کی اور کائنات کے بدترین ظلم و جبر کا ارتکاب کیا۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام رہتی دنیا تک کیلئے حق اور یزیدظلم وجبر کا استعارہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے کردار کو حضرت امام حسین علیہ السلام کی فکر میں ڈھالیں۔ حق و باطل میں امتیاز کرنے اور عقل و خرد کو خارجی حملوں سے بچانے کیلئے اہل بیت کی مقدس زندگیوں کے مطالعے کو اپنے معمولات میں شامل کریں۔ جہاں حسینی علیہ السلام فکر ہو گی وہاں ظلم اور بربریت نہیں ہو گی اور جہاں جبر و تشدد اور وحشت و بربریت ہو تو سمجھ لیجئے کہ سماج نے یزیدیت کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا ہے۔ حسینیت اور یزیدیت الگ الگ فکر کا نام ہے۔ نسل نو کی ان دونوں متضاد نظریات سے شناسائی لازم ہے تا کہ حق کو غالب اور باطل کو مغلوب کرنے کیلئے سعی کی جا سکے۔
تبصرہ