ڈاکٹر طاہرالقادری انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت کیلئے اردن پہنچ گئے

اردن میں مفتی یروشلم، شیخ محمد احمد حسین، مفتی مصر شیخ علی جمعہ و دیگر سے ملاقات
عالم اسلام کی بقا کیلئے داخلی اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (23 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لندن سے اردن پہنچ گئے جہاں وہ حکومت اردن کی طرف سے منعقد کی جانے والی انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت اور خصوصی خطاب کریں گے۔ 23 اکتوبر کو اردن میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے مفتی اعظم یروشلم شیخ محمد احمد حسین، محدث شام شیخ محمد الیعقوبی کے علاوہ عالم اسلام کی ممتاز شخصیات عبد اللہ بن بایا، مفتی مصر شیخ علی جمعہ، مفتی یمن شیخ محمد بن الحافظ، شیخ حبیب علی جفری نے ملاقات کی اور عالم اسلام کو در پیش مقامی و بین الاقوامی مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عالم اسلام کے بلند پایہ سکالرز سے گفتگو میں کہاکہ عالم اسلام کی بقا، ترقی و خوشحالی کیلئے اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہاکہ امت محمدیہ کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے حوالے سے مفتیان و سکالرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت عالم اسلام کو سیاسی اعتبار سے دست و گریبان کر دیا گیا اور فرقہ وارانہ فسادات کے ذریعے امت مسلمہ کی سیاسی، معاشی، عسکری قوت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اسلام کے نام پر قائم کئے گئے دہشتگرد گروپس دشمنان اسلام کے ایجنڈے کی تکمیل میں قوت محرکہ کا کام کر رہے ہیں، اسلامی ممالک کے درمیان ہر سطح پر سیاسی، سماجی، مذہبی، معاشی حوالے سے ’’گریٹ ڈیبیٹ‘‘ کی ضرورت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں کل افتتاحی لیکچر دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top