پلی بارگین کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: عوامی تحریک

نیب نے لوٹ مار کو قانونی تحفظ دئیے رکھا، فائدہ اٹھانے والوں بڑوں کے نام سامنے لائے جائیں: خرم نواز گنڈا پور
پانامہ لیکس پر جس ادارے نے احتساب کرنا تھا خود چارج شیٹ ہو گیا: بشارت جسپال، فیاض وڑائچ

لاہور (24 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پلی بارگین کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پلی بارگین سے کرپشن اور مک مکا کے کلچر کو فروغ ملا۔ پلی بارگین کی سہولت کا خاتمہ کافی نہیں، اب تک جتنے افراد، افسران، سیاستدانوں اور کاروباری اداروں نے اس قانون سے فائدہ اٹھایا سپریم کورٹ اس کی نیب سے مکمل لسٹ منگوائے اور فائدہ اٹھانے والوں کے نام مشتہر کیے جائیں۔

24 اکتوبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلی بارگین کے تحت بند ہونے والے تمام کیسز ری اوپن کیے جائیں۔ پلی بارگین کا فائدہ اٹھانے والوں نے جرم کا اعتراف کیا۔ ان سے 100 فیصد رقم وصول کر کے انہیں سزائیں دی جائیں۔ جن افسران نے پلی بارگین کی سہولت سے فائدہ اٹھایا اور دوبارہ عہدوں پر براجمان ہو گئے، انہیں عہدوں سے ہٹا کر کٹہرے میں لایا جائے۔

عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں بشارت جسپال اور فیاض وڑائچ نے کہا کہ نیب کے جس ادارے نے پانامہ لیکس کا احتساب کرنا تھا سپریم کورٹ طرف سے خود چارج شیٹ ہو گیا۔ اب نیب کے ماورائے قانون اقدامات کی چھان بین کیلئے کمیشن بنایا جائے اور فائدہ اٹھانے والوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری روز اول سے کہہ رہے تھے نیب سمیت احتساب کے دیگر ادارے ’’بڑوں‘‘ کی لوٹ مار کو تحفظ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دیر آید درست آید ہے۔ امید ہے پانامہ کے ڈاکوؤں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے اور ان سے لوٹی گئی دولت کی ریکوری کے حوالے سے بھی عدالت عالیہ اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top