ڈاکٹر طاہر القادری کا احتجاج میں شرکت کا اعلان شریف اقتدار کی موت کا پروانہ ہے : خرم نواز گنڈا پور
اب احتجاج پاک بھارت میچ کی صورت اختیار کر گیا، بھارتی لابی شکست سے دوچار ہو گی
پارٹی کے سنیئر رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس طلب، اب قاتل تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی جرات نہیں کر یں گے
لاہور (24 اکتوبر 2016) ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے اعلان بعد قاتل ٹولے کے طوطے اڑ گئے۔ اب احتجاج پاک بھارت میچ کی صورت اختیار کر گیا، بھارتی لابی عبرتناک شکست سے دوچار ہو گی۔ اب حکمران اپنی پالتو پولیس کے ذریعے تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی جرات نہیں کر سکیں گے۔ عوامی تحریک کی طرف سے پی ٹی آئی کے دو نومبر کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے اعلان کے بعد مہمان وزیر اعظم اور مہمان وزیر اعلیٰ نے رات جاگ کر گزاری۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈ اپور، صوبائی صدر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ نے رات گئے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی میٹنگ کے دوران کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے پارٹی کے سنیئر رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس 25 اکتوبر کو بلا لیا ہے اور احتجاج میں شرکت کے حوالے سے مشاورت کی جائیگی۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ احتجاج ہمیشہ کی طرح پر امن ہو گا۔ اگر حکمرانوں نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھر اگلے پچھلے سارے حساب بے باک ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن اپنے شہدا کے قصاص کیلئے تڑپ رہے ہیں۔ پانامہ کے ڈاکوؤں کے گلے میں انگلی ڈال کر لوٹا گیا خزانہ باہر نکالیں گے، ابھی بھی وقت ہے وزیر اعظم مستعفی ہو کر خود کو پانامہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں تفتیش کیلئے پیش کریں۔ رہنماؤں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کا اعلان شریف اقتدار کی موت کا پروانہ ہے ۔
تبصرہ