دہشت گردی ختم کرنے کیلئے ضرب عضب کے ساتھ ضرب علم و امن بھی ضروری ہے: مظہر علوی

عوامی تحریک یوتھ ونگ 20 نومبر سے کراچی سے پشاور تک ضرب امن کارواں کا آغاز کررہی ہے

لاہور (26 اکتوبر 2016) دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ضرب عضب کے ساتھ ساتھ ضرب علم وامن ناگزیر ہے۔ ضرب امن قرارداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ایک علمی، فکری، نظریاتی اور عملی جدوجہد ہے جس کی بدولت دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ مظہر محمود علوی نے لاہور یوتھ لیگ کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ایک بہت بڑا اندوہناک واقعہ ہے اور اس سانحہ کے پیچھے تکفیری خارجی گروہ ہے جو اپنے مذموم مقاصد کیلئے خون مسلم بہا رہا ہے۔ دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے جہاں ضرب عضب کی کامیابیاں ملیں وہیں ہمیں علمی و فکری اور نظریاتی محاذ پر ضرب امن کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ضرب امن کے ذریعے انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ نہیں ہوگا، اس وقت تک دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ اس مقصد کیلئے عوامی تحریک یوتھ ونگ 20 نومبر سے کراچی سے پشاور تک ضرب امن کارواں کا آغاز کررہا ہے جو شہر شہر امن رواداری کے پیغام کو فروغ دے گا۔ کارواں نوجوانوں کو امن، محبت اور بھائی چارے کی دعوت دے کر امن مہم کا حصہ بنائے گا اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top