لیہ: ایم ایس ایم کا ’’پاکستان زندہ آباد سٹوڈنٹس کنونشن‘‘

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’پاکستان زندہ آباد سٹوڈنٹس کنونشن‘‘ 25 اکتوبر 2016ء کو اسلامک سنٹر لیہ میں منعقد ہوا۔ نائب ناظم اعلی شمالی پنجاب سردار شاکر علی مزاری نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف مہمان خصوصی تھے۔

کنونشن میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لیہ، منہاج القرآن یوتھ لیگ لیہ، تحریک منہاج القرآن لیہ کے عہدیداروں اور مقامی قائدین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ کنونشن میں سردار شاکر علی مزاری، عرفان یوسف اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

سردار شاکر علی مزاری نے کہا کہ طلباء کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایم ایس ایم نے بھی طلباء کو علم کے ساتھ امن کا پیغام دیا ہے۔ طلباء کو اپنے تابناک مستقبل کی خاطر بامقصد تحریکوں کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تاریخ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی ساری زندگی علم کی روشنی سے رقم ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا مشن ہے کہ وہ اس ملک میں علم و عمل اور امن سے شعوری انقلاب لانا چاہتے ہیں، جس کے لیے طلباء کو مرکزی کردار ادا کرنا ہے۔

عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم علم اور امن کی تحریک ہے، جس نے ملک بھر میں طلباء کو مقصدیت اور شعور دیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انقلاب کی تحریک میں طلباء کو ہراول دستہ کے طور پر دیکھتے ہیں، اس لیے ایم ایس ایم کے پلیٹ فارم سے ہمیں دن رات محنت کر کے اپنا مقصد حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے طلباء کو معیاری تعلیم کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس علم دوست نظام کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے طلباء کو ایم ایس ایم کے پلیٹ فارم پر یکجا ہونا ہوگا۔

کنونشن کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top