فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام محفل میلاد

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام 6 نومبر 2016ء کو محفل میلاد حاجی امین القادری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں سید ہدایت رسول قادری نے خطاب کیا۔ محفل میں عوامی تحریک کے صوبائی صدر چوہدری بشارت جسپال، رانا طاہر سلیم، حافظ رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، علامہ عزیزالحسن اعوان، میاں عبدالقادر، زبیب مسعود شاہ، اللہ رکھا نعیم، قاری افضل قادری، سید آفتاب عظیم، محمد یوسف، غلام محمد قادری، رانا ناصر نوید، شاہد سلیم، مدثرفاروق، رانا نثار شہزاد، ارشدمغل، قاری فاروق طور اور شبیرحسین قادری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا قیام امن کیلئے صاحب گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے۔ اسلامی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال، قتل وغارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کر سکتا۔ ضرب عشق وعلم سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے۔ دین محمدی میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے، تنگ نظری اور انتہا پسندی کی آگ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں، وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کے خاتمہ اور فروغ امن نصاب مرتب کر کے اپنی اسلامی، ملی، قومی و بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ہے، نوجوان امن کے سفیر بن کرامن اور محبت کے اس پیغام کو گوشے گوشے تک پہنچائیں۔

محفل نعت کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا، پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد شرکاء کی لنگر سے تواضع کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top