ڈاکٹر طاہرالقادری کی درگاہ شاہ نورانی پر بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت

حکمران ایکشن پلان اور قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں
حب درگاہ پر گزرنے والی قیامت کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں : سربراہ عوامی تحریک

لاہور (12 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے درگاہ شاہ نورانی حب بلوچستان میں بم دھماکہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین، معصوم بچوں اور عورتوں کی جان لینے والے انسان نہیں سفاک درندے ہیں۔ حکمران ایکشن پلان اور قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ حب درگاہ پر جو قیامت گزری اس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی کی ایسی سفاکانہ کارروائیاں کرنیوالے انسانیت کے قاتل ہیں۔ دہشتگردوں کے ہمدرد حکمران ایکشن پلان پر سنجیدگی سے عمل کرتے، دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹتے تو اس لعنت پر قابو پایا جا سکتا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہو گئی ہے، عدم تحفظ کے شدید احساس نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، سربراہ عوامی تحریک نے بم دھماکے میں شہید ہونیوالوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، سنیئر رہنماء پاکستان عوامی تحریک احمد نواز انجم، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، ساجد بھٹی و دیگر نے بھی حب بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی صحت کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top