اسلام نے خواتین کی تعلیم کو مردوں کی طرح ضروری قرار دیا ہے: امیر تحریک منہاج القرآن
خواتین کو تعلیم اور ترقی کے دھارے سے دور رکھنے والے اللہ اور
اس کے رسول ﷺ کے مجرم ہیں، خطاب
تعلیم کی ترسیل و تحصیل صدقہ جاریہ ہے، وسائل کی کمی کا بہانہ مجرمانہ عذر ہے،
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی
لاہور (18 نومبر 2016) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے جامع المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کی تعلیم کو مردوں کی طرح ضروری قرار دیا ہے۔ پاکستان کو قانون اور شریعت محمدیہ ﷺ کے احترام والا معاشرہ بنانے کیلئے خواتین کو گھر کی دہلیز کے قریب ترین بامقصد تعلیم دی جائے اور فنڈز کی کمی کا مجرمانہ عذر ختم کیا جائے۔ ایک پڑھی لکھی ماں ایک پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کا نکتہ آغاز اور خوشحالی کی عمارت کی خشت اول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں یہ کسی طرح مناسب نہیں کہ کوئی شخص، خاندان حکومت یا ریاست لڑکی کو کم درجہ قرار دے کر اس کی تعلیم و تربیت کو نظر انداز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق وسائل مہیا نہ کرنا اور عصری تقاضوں کے مطابق تعلیمی ادارے نہ بنانا بھی تعلیم دینے سے انکار کی ایک شکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ دنیا کی بہترین 5 سو یونیورسٹیوں میں پاکستان کی ایک بھی یونیورسٹی شامل نہیں ہے۔ حکومتیں میٹرو بسوں، اورنج ٹرینوں، موٹرویز کے منصوبوں پر کھربوں روپے خرچ کرنے کے فخر سے دعوے کرتی ہیں مگر دوسری طرف 67 فیصد خواتین ناخواندہ ہیں۔ 25 ملین بچے سکول نہیں جاتے۔ تعلیم کی فراہمی کے بنیادی تقاضوں کو نظر انداز کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات سے روگردانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی پاکستان کے اندر 70 فیصد دیہات میں بچیوں کیلئے مطلوبہ تعداد میں تعلیمی ادارے اور اساتذہ ناپید ہیں۔ خواتین کو تعلیم اور ترقی کے دھارے سے دور رکھنے والے اللہ اس کے رسول ﷺ کے مجرم ہیں۔ تعلیم کی فراہمی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا حکم اور بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ بڑی بڑی عمارتیں اور سڑکیں، زلزلے اور سیلاب نہ بھی آئیں پھر بھی اپنی مدت پوری کرنے کے بعد رزق خاک اور آثار قدیمہ کی فہرست میں شامل ہو جاتی ہیں مگر اہل علم نسل در نسل روشنی کا سبب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو اللہ علم کی اہمیت اور ضرورت کو سمجھنے کی توفیق دے۔
صاحبزادہ، فیض الرحمن درانی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامی فلسفہ تعلیم و تربیت کے مطابق منہاج القرآن کے زیراہتمام خواتین کیلئے بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کے بے مثال تعلیمی ادارے بنائے۔ منہاج گرلز کالج اور سینکڑوں سکول دین اور دنیا کی تعلیم کیلئے بے مثال خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جملہ سکالرز سیاسی و سماجی تحریکوں کے ذمہ داران امن، استحکام اور اسلامی اخوت کو فروغ دینے کیلئے تعلیم کو عام کریں۔ پاکستان کے غریب اور پسماندہ خاندانوں کے بچے اور بچیوں کو اس وقت بامقصد تعلیم اور تربیت کی ضرورت ہے؟تعلیم کی ترسیل اور تحصیل صدقہ جاریہ ہے۔
تبصرہ