معاشی دہشت گردی مسلح دہشت گردی کی طرح خطرناک ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین
منہاج القرآن کے آن لائن ای لرننگ منصوبہ کی نئی عمارت کی
افتتاحی تقریب پر خطاب
ای لرننگ پروجیکٹ کے تحت دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں دینی تعلیم دی جارہی ہے
لاہور (27 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین نے 26 نومبر 2016ء کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ای لرننگ پروجیکٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گردی مسلح دہشت گردی کی طرح خطر ناک ہے۔ جب تک کرپشن کرنے والوں، کرپشن کروانے والوں اور کرپشن کو تحفظ دینے والے نظام کا خاتمہ نہیں ہوگا امن اور خوشحالی محض خواب رہے گی۔ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ معاشی دہشت گردی اور انتہاء پسند ی میں ملوث حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک علم، امن اور انسانی خدمت کی تحریک ہے، اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر)محمد اقبال، پرنسپل کالج آف شریعہ خان محمد، وائس پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی اور ای لرننگ پروجیکٹ ڈائریکٹر مقصود نوشاہی بھی موجود تھے۔
ای لرننگ پروجیکٹ کے حوالے سے مقصود نوشاہی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ای لرننگ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایک اہم آن لائن منصوبہ ہے، اس کا بنیاد ی مقصد دنیا بھر میں ان طلباء و طالبات اور والدین کو گھر بیٹھے علوم اسلامیہ کی تعلیمات سے روشناس کروانا ہے جو کسی بھی وجہ سے فہم دین سے محروم رہ جاتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن کا ای لرننگ منصوبہ اس وقت دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ 40 اساتذہ مختلف اوقات میں سینکڑوں طلباء و طالبات کو 12 مختلف کورس کروا رہے ہیں، جس میں ریڈنگ قرآن، اصول حدیث، حفظ قرآن، عقائد کورس، عرفان القرآن کورس، نعت کورس، فقہ کورس اور متن حدیث کورس شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ای لرننگ بین الاقوامی پروجیکٹ کے تحت عربی زبان اور عربی گرائمر کور س بھی کروائے جارہے ہیں، ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔ مختصر عرصہ میں دنیا کے مختلف ممالک میں قیام پذیر1ہزار بچوں کو دینی علوم کے کورس کروائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 500 سے زائد طلباء و طالبات آن لائن قرآن ریڈنگ اور حفظ کورس کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت اور فکر کے مطابق دنیا بھر میں گھر کی دہلیز پر دینی علوم سکھانے کا یہ منفرد دینی خدمت کا قابل فخر منصوبہ تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے۔ چیئر مین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے ای لرننگ پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے اور دینی خدمت کے اس عظیم منصوبہ میں کام کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دی۔
تبصرہ