منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں شالا مار ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور رائے ونڈ میں مشعل بردار جلوس نکالے گئے۔ ان جلوسوں میں ہزاروں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ ماہ ربیع الاول کو خوش آمدید کہتے ہوئے آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا مرحبا کے نعرے لگائے۔ چارمقامات سے نکلنے والے مشعل بردار جلوسوں پر جگہ جگہ لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور شرکاء جلوس کا والہانہ استقبال کیا۔

واہگہ ٹاؤن سے نکالے گئے جلوس کی قیادت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی۔ جلوس کے اختتام پر محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹر شاہد محمود، مرزا حنیف صابری، علامہ عبد الحمید سیالوی، حفیظ الرحمن خان، خالد مغل، خالد نعیم، حاجی عبد الخالق، طارق الطاف، ظفر و دیگر علما مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی مینار پاکستان پر اجازت نہ دے کر حکمرانوں کے چھوٹے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس لاہور مال روڈ پر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن اور سلامتی ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن ہیں۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا کیونکہ محبت اور ادب دونوں ایمان کی متاع ہیں۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت اور توحید الہیٰ اور محبت رسول سے روشن کر لیا جائے تو امتکا ہر فرد اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کاحق ادا نہیں کرسکتی، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود اللہ نے منایا ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر حضور کی ولادت کی خوشی منانی چاہیے۔ ربیع الاول کے پورے مہینے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مشعل بردار جلوس نکالنے، محافل میلاد کے انعقاد اور ضیافت میلاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top