کراچی: عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس
تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیر اہتمام تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر یکم ربیع الاول سے 13 دسمبر 2016 تک کراچی کے مختلف علاقوں سے سو سے زائد جلوس نکالے گئے۔ مرکزی میلاد مارچ جمشید ٹائون جہانگیر روڈ موتی مسجد سے نکالا گیا جس میں بڑی تعداد میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔
جلوسوں میں علماء مشائخ، متحدہ قومی موومنٹ کے ایم پی اے ریٹائرڈ میجر قمر عباس، یوسی 10 کے چیئر مین اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء محمد حسین، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء قیصر اقبال قادری، سید ظفر اقبال، الیاس مغل، تحریک منہاج القرآن کے رہنماء ایم جے علی، عتیق احمد چشتی، رانا اسلم، اشتیاق احمد شاد، جماعت اسلامی کے رہنماء قمر جماعتی، اقبال پپا، منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم مفتی مکرم قادری، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے بشیر خان مروت، صارم نور، فیضان کلیم، ایاز قریشی، کامران خان و دیگر قائدین نے بھی بھرپور شرکت کی۔
مقررین نے میلاد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن ہیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے کہا تعلیمات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری کی وجہ سے آج مسلم امہ کی پستی کا شکار ہے۔ دنیا و آخرت کی کامیابی تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ مقررین نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنتوں کو عام کرنے اور زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام شہر کے مختلف علاقوں میں جلوسوں کے استقبال کیلئے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے جہاں آنے والے شرکاء جلوس میں شربت اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
تبصرہ