الہ آباد: منہاج القرآن رسول پور کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

منہاج القرآن الہ آباد ضلع قصور کی ذیلی تنظیم تحریک منہاج القرآن رسول پور کے زیراہتمام میلاد کانفرنس 23 دسمبر 2016ء کو جامع مسجد کجھور والی موضع پولیکے میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت مرکزی ناظم دعوت جنوبی پنجاب علامہ محمد لطیف مدنی نے کی۔ پتوکی سے معروف عالم دین علامہ حاجی محمد رمضان نقشبندی مہمان خصوصی تھے۔ الہ آباد کے خطیب اعظم علامہ ڈاکٹر قاری امانت علی اشرفی، کوٹ نور محمد سے علامہ قاری محمد یسین قادری، شیخ محمد حسین جاوید، شوکت علی شیخ، شیخ محمد جاوید بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

اس پروگرام کے میزبان عبدالمجید اور محمد سلیم تھے اور اسے رشید احمد انصاری کے ختم ساتواں، حافظ محمد منشاء سلیمی اور حافظ محمد سعید مرحوم کی سالانہ برسی کے سلسلہ میں منعقد کیا گیا تھا۔ میلاد کانفرنس میں اہل علاقہ اور دو دراز سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمد صائم عطاری نے تلاوت و نعت سے کیا۔ علامہ محمد رمضان نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے میلاد مصطفیٰ کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی، جس کے بعد شیخ محمد نواز شریف نے علامہ لطیف مدنی کو دعوت خطاب دی۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے ’’میلاد اور رحمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے موضوع پر جمعۃ المبارک کا خصوصی خطاب کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات کائنات کے لیے سراپا رحمت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آقا علیہ السلام کے صدقے سے ہی کائنات ہست بود کو قائم کیا، اسے دوام بخشا اور یہ رہتی دنیا تک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے سے قائم رہے گی۔ حضور کے محب امتی کی نشانی یہ ہے کہ وہ آقا علیہ السلام کی رحمت میں ہوگا، دنیا میں اس کی طبعیت میں رحمت مصطفیٰ کی جھلک نظر آئے گی۔ اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر خاص کرم بھی آقا علیہ السلام کی صفت رحمت کے مرہون منت ہے۔

علامہ لطیف مدنی نے مزید کہا کہ جس بندے نے اللہ تعالیٰ کی توحید کو پرکھا تو یہ بھی اس بوسیلہ رحمت مصطفیٰ جانا، ورنہ نہ آدم ہوتے اور نہ ہی نسل انسانی کو فروغ ملتا۔ حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی تو یہ بھی آقا کریم علیہ السلام کی رحمت کا مظہر تھا۔ آدم علیہ السلام کا جنت سے زمین پر اتارا جانا اور پھر توبہ کی قبولیت سب رحمت مصطفیٰ کی نشانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگو میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عالمگیر ہے، جو بندہ دنیا و آخرت میں رحمت خداوندی کا امیدوار بننا چاہتا ہے تو اس کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جوڑوں کی خیرات لینا ہوگا۔ آقا کا میلاد منانا ہوگا، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنا حبی تعلق قلب و جاں قائم کرنا ہوگا کیونکہ اسی تعلق میں ہی دوعالم کی نجات ہے۔

علامہ لطیف مدنی کے خطاب کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں قاری محمد یسین اور محمد صائم عطاری نے ختم پاک پڑھا، اس موقع پر علامہ محمد لطیف مدنی نے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام سہہ پہر 3 بجے ہوا، جس کے بعد ضیافت میلاد کے لنگر تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top