منہاج القرآن علماء کونسل کی مشاورتی کونسل کا اجلاس، مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران کی شرکت

2017 کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے سال کے طور پر منایا جائے: منہاج القرآن
نئے عیسوی سال پر قوم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے، اجتماعی توبہ کرے، بارش کی دعا کرے: فرحت حسین شاہ
منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اجلاس سے خطاب

لاہور (31دسمبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ قوم عہد کرے کہ وہ 2017ء میں کرپشن اور کرپشن زدہ نظام کے محافظوں سے نجات حاصل کرے گی۔ پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت امن، محبت، بھائی چارہ اور یکجہتی ہے۔ 2017 ء کو انتہا پسندی، دہشتگردی، فرقہ واریت کے خاتمے کے سال کے طور پر منایا جائے۔ علماء محراب و منبر سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں امن، محبت اور رواداری کا درس دیں۔ نوجوان بچے اور بچیاں خلفائے راشدین اور امہات المومنین کی پاکیزہ زندگیوں کو اپنے لیے رول ماڈل بنائیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد لطیف مدنی و دیگر علماء بھی موجود تھے۔ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ افسوس معاشرے کی اکثریت اللہ کی راہ کو چھوڑ چکی ہے، گلے کٹ رہے ہیں، خون بہہ رہا ہے۔ معاشرہ درندگی اور حیوانیت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جھوٹ، مکر، فریب، کرپشن، ظلم اور درندگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ بطور قوم ہم پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے احساس کوبیدار کرنا ہو گا۔ ندامت کے آنسو بہانا ہوں گے۔ افسوس آج جو جتنا کرپٹ اور ظالم ہے اتنا سراٹھا کر چلتا ہے۔ نئے عیسوی سال پر قوم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے، اجتماعی توبہ کرے، بارش کی دعا کرے، اپنے اسلاف کے عظیم رویوں سے سیکھے۔ قوم اجتماعی اور انفرادی طور پر برے اعمال سے تائب ہو کر نفس کی اصلاح کیلئے مجاہدہ و ریاضت کرے۔

انہوں نے کہا کہ مواخات مدینہ صحابہ کرام کے اخلاص کا عظیم مظاہرہ تھا۔ ان عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے ان بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا عہد کریں جن کے پاس کچھ نہیں۔ امت زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وفادار بننا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب سے محبت کرنے والوں کی مشکلات کو آسانیوں میں بدل دیتا ہے۔ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اپنے دو ماہ کے یورپ کے تنظیمی دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یورپ میں رہنے والے پاکستانی ملکی حالات پر دکھی ہیں، ہزاروں میل دور رہ کر بھی انکا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

دہشتگردی، مہنگائی، معاشی ناہمواری اور سیاسی کھینچا تانی کے باعث یورپی ممالک میں رزق کمانے والے ملکی حالات پر بہت زیادہ دکھی ہیں۔ وہ قانون کی حکمرانی کا خواب دیکھتے ہیں اور ملک کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یورپ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ میں کلیدی کردار دا کررہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امن عالم کیلئے خدمات کو مغربی دنیا میں بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top