قاتلوں کو کلین چٹ دی گئی تو اس قاتل نظام کو کلین بولڈ کر دیں گے۔ حافظ غلام فرید

تحریک منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس، ضلعی عہدیداران کی شرکت
سڑکوں پر آنے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم کے منتظر ہیں۔ حافظ غلام فرید، امیر منہاج القرآن لاہور
ممبر سازی مہم میں تیزی لانے اور عوامی رابطہ مہم فوری شروع کرنے پر اتفاق، اجلاس میں فیصلہ
ڈاکٹرطاہرالقادری کی 66ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات اور پروگرامز کو حتمی شکل دی گئی۔

لاہور (9 فروری 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلا س میں منہاج القرآن لاہور کی پی پی اور یونین کونسل تنظیمات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ممبر سازی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلا س میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ لاہور کی عوام اور منہاج القرآن کے کارکنان کو متحرک کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم فوری شروع کی جائے، لاہور کی تاجر برادری سے رابطوں کے لیے حاجی محمد اسحاق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، لاہور کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سانحہ ماڈل استغاثہ کے حوالے سے فیصلے پر بھی بحث اور مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی راہنمائی سے منہاج القرآن لاہور کی تنظیم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص تک جدوجہد جاری رکھے گی، قانون اور عوام کی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر آنے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم کے منتظر ہیں، قاتلوں کو کلین چٹ دی گئی تو اس قاتل نظام کو کلین بولڈ کر دیں گے، شہداء کو قصاص ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، میاں حنیف قادری، ناظم لاہور، اشتیاق حنیف مغل، حافظ صفدر علی، ساجد اصغر، زارا ملک، ریحان چوہدری، محمد ناصر، حاجی اختر، اصغرناز، طارق الطاف اور دیگر راہنما شریک تھے، اجلاس میں 19 فروری کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 66ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد اور پروگرامز کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز اور یونین کونسلز میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، کیک کاٹے جائیں گے اور ان کی درازی عمر کے لیے دعائیں کی جائیں گی، منہاج القرآن لاہور کے تحت بڑی تقریب 26 فروری کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوگی، جس میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء شرکت کریں گے، اس تقریب کے اہم مہمان سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونیوالوں کی فیملیز کے افراد ہوں گے۔ مختلف ٹاؤنز میں قائم منہاج القرآن کے سکولوں میں تقریری مقابلے اور دیگر علمی تقاریب منعقد کی جائیں گی، ڈاکٹر طاہرالقادری کی کتب کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا، منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے نوجوان خون کے عطیات دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top