قائد ڈے 2017ء پر منہاجینز کی محفل سماع و دعائیہ تقریب

عالمی سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 66 ویں سالگرہ پر 19 فروری 2017ء کو منہاجینز کے زیراہتمام ’’محفل سماع و دعائیہ تقریب‘‘ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ عالمی شہرت یافتہ درباری قوال شیر علی، مہر علی اور ہمنواوں نے محفل سماع میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی نے بذریعہ ویڈیو لنک کینیڈا سے پروگرام میں خصوصی شرکت کی جبکہ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری پروگرام کی صدارت کر رہے تھے۔ دعائیہ تقریب میں خواجہ قطب الدین فریدی، صاحبزادہ پیر قمر سلطان امیر افضل، آستانہ عالیہ حق باہو سمن آباد لاہور صوفی خاکسار اور جمعیت علما پاکستان نیازی گروپ کے سینیر نائب صدر پیر اختر رسول مہمان خصوصی تھے۔

امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، مربی گوشہ درود سید مشرف شاہ، صدر منہاجینز نعیم انور نعمانی، ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد اور دیگر مرکزی قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ محفل میں لاہور اور گردونواح سے خواتین و حضرات شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب کا آغاز شب 9 بجے ہوا، اس موقع پر تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت خوانی بھی ہوئی۔ محفل سماع کا باقاعدہ آغاز 10 بجے ہوا، اس موقع پر شیر علی اور مہر علی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ انتہائی خوبصورت انداز میں قوالیاں پیش کیں۔ انہوں نے انہوں نے خواجہ غلام فرید کے کلام بھی پڑھے۔ بعدازاں انہوں نے منقبت ’’پکارو شاہ جیلاں کو پکارو‘‘ اور برصغیر میں صوفی وقت امیر خسرو کا فارسی نعتیہ کلام ’’نمی دانم چہ منزل بود، شب جائے کہ من بودم‘‘ اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔

محفل سماع کے بعد منہاجینز فورم کی طرف سے ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد ڈے ہمارے لیے اور پوری دنیا میں کارکنان و وابستگان کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ پر دنیا بھر میں روایتی تحریکی جوش و خروش اور انتہائی پروقار انداز میں قائد ڈے تقریبات منائی جاتی ہیں، تاہم ملک میں خود کش حملوں اور دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ تقریبات کو دعائیہ تقریبات میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم تحریک کے ساتھ اپنی اخلاص کے ساتھ وابستگی کی تجدید کر رہے ہیں۔ ہم اس دن کی مناسبت یہ بھی عہد کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کے انصاف کے لیے ہماری ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی۔

محفل سماع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی خوشی میں شرکاء کو 3 عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی دیئے گئے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خود قرعہ اندازی کی، جن میں شریعہ کالج کے اسٹاف و طلباء، مرکزی سیکرٹریٹ کے اسٹاف اور نائب ناظمین و ناظمین کی الگ الگ کیٹیگری شامل تھی۔ ناظمین کی کیٹیگری میں عمرہ کے ٹکٹ کا قرعہ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور کے نام نکلا۔ اس موقع پر عمرہ ٹکٹ حاصل کرنے والے تمام خوش نصیبوں کو مبارکباد بھی دی گئی۔

محفل سماع کا اختتام شب ڈیڑھ بجے ہوا۔ جس کے بعد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 66 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اس موقع پر حضرت خواجہ قطب الدین فریدی نے اختتامی دعا کرائی، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر و صحت و سلامتی اور ملک پاکستان میں امن و امان کے قیام اور ملکی خوشحالی و ترقی کے لیے بھی خصوصی دعائیں بھی کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top