کراچی: قائد ڈے پر تجدید عہد وفا سیمینار

تحریک منہاج القرآن کراچی سندھ کے زیر اہتمام ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کے موقع پر 19 فروری 2017ء کو سلمان فارسی منہاج القرآن اسلامک سینٹر شاہ فیصل ٹائون میں ’’یوم تجدید عہد و فا‘‘ سیمینار منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن کے تمام فورمز کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سمینار میں مرد وخواتین سمیت تما م شعبہ ہا ئے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ناظم تحریک منہاج القرآن مرزا جنید علی نے کہا ایک ایسا وقت جب پوری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف باطل قوتیں برسرپیکار تھیں چند انتہا پسندوں کی وجہ سے اسلام کو بدنام کیا جا رہا تھا ایسے میں مسلم دنیا میں واحد لیڈر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہیں جنہوں نے ہر پروپگنڈے کا بھرپور جواب دیا اور دنیا کے سامنے اسلام کا اصل چہرہ امن محبت سلامتی بھائی چارگی عدل و انصاف مساوات پیش کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے آرگنائزر اطہر جاوید صدیقی نے کہا دنیا بھر میں ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی، مذہبی، سماجی، دینی اور انسانی حقوق کیلئے نا قابل فراموش خد مات ہیں۔ قائد انقلاب نے اپنے کارناموں سے دنیا میں ایک تاریخ رقم کر دی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے لوگوں کو شعور دیا اور انکو اپنا حق لینا سکھایا۔ مفتی مکرم خان قادری نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری امت مسلمہ کیلئے اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہیں۔ آپکی سیرت پر 12 جلدوں پر سیرت النبیﷺ، ترجمہ عرفان القرآن، منہاج السوی، تیس جلدوں پر معارج السنہ سمیت ایک ہزار سے زائد کتب علماء مشائخ سمیت اہل علم کی علمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ ان کتب سے آنے والی نسلیں قیامت تک سیراب ہونگی۔

یوتھ ونگ کے صدر فہیم خان نے کہا شیخ الاسلام نے نفرتوں اور خونی منظر کو پر امن روحانی معاشرے میں بدل کر انسانیت کو اتحاد و یکجہتی کا درس دیا۔ موجودہ دور میں بے راہ روی کا شکار نوجوان کو اسکی زندگی کا مقصد سکھایا۔ ویمن لیگ کی صدر رانی ارشد نے کہا خواتین کو جرات ہمت کے ساتھ ملک و ملت میں تبدیلی اور انقلابی جدوجہد کیلئے نکلنا قائد انقلاب نے سکھایا۔ ایک طرف محدود ذہن رکھنے والے افکار خواتین کا معاشرے سے کردار ختم کرنے کے در پہ تھے ایسے میں خواتین میں تعلیم اور جدوجہد کا جذبہ قائد انقلاب نے دیا آج لاکھوں خواتین تحریک کا حصہ ہیں۔

طلبہ ونگ کے جنرل سیکرٹری عرفان یوسف نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری نے مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ بنا کر تعلیمی اداروں میں طلباء کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا سکھایا ایک طرف جہاں طلباء تنظیمیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں وہاں ایم ایس ایم طلباء کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ایم ایس ایم کا قیام ڈاکٹر طاہر القادری کا عظیم کارنامہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top