علم کی ترغیب اور تاکید جتنی دین اسلام نے کی کسی دوسرے مذہب نے نہیں کی: فیض الرحمان درانی

تعلیم و تدریس اسلام کا جزو ہے: جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (24 فروری 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ تما م مذاہب کے ماننے والے اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ علم بہت بڑی دولت ہے۔ علم کی ترغیب اور تاکید جتنی زیادہ دین اسلام نے کی ہے اتنی کسی بھی دوسرے مذہب نے نہیں کی۔ تعلیم و تدریس اسلام کا جزو ہے۔ علم کی وجہ سے انسان کیلئے اچھی اور صالح زندگی گزارنے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ نزول قرآن کی ابتدا ان آیات سے ہونا جن میں پڑھے پڑھانے کا ذکر ہے، علم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ تعلیم کتاب و حکمت مقاصد بعثت رسالت میں سے اہم مقصد تھا۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جو پہلی وحی نازل فرمائی تھی اس میں یہ پیغام تھا کہ انسان لکھے، پڑھے، اچھی اور عمدہ تعلیم حاصل کرے تا کہ وہ اللہ کا نیک اور فرماں بردار بندہ بن سکے۔ اس طرح ایک نیک اور صالح اسلامی معاشرے کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس دنیا میں تشریف آوری سے قبل عرب معاشرہ، جہالت، ظلمت اور گمراہی کے گہرے گڑھے میں گرا ہوا تھا۔ ان لوگوں کے نزدیک عزت اسکی تھی جو زیادہ دولت مند اور امیر ہو، ان لوگوں نے کمزوروں کے استحصال کو ہی اپنی کامیابی سمجھ رکھا تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایمان کی دولت سے محروم ان عرب قبیلوں اور خاندانوں کی زندگیوں کو علم کے نور سے منور کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے عرب قوم امت واحدہ بن کر قرآن و حدیث کی تعلیم و تدریس میں معروف ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ بھلائی کرنا چاہتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا کر دیتا ہے۔ علم سے معرفت الہٰی نصیب ہوتی ہے اور انسان دوسرے انسانوں کیلئے سلامتی بن جاتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top