زمین پر فساد کرنیوالے اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے مجرم ہیں: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 03 مارچ 2017ء

دعا ہے کہ آپریشن رد الفساد اپنے مقاصد میں کامیاب ہو اور ملک میں امن قائم ہو
علمائے کرام اختلافا ت کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق، اتحاد اور یگانگت کے فائدوں پر غور کریں: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (3 مارچ 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیرصاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ زمین پر فساد کرنیوالے اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے مجرم ہیں۔ بے گناہوں کا ناحق خون بہانے والے اس دنیا اور آخرت دونوں میں رسوا ہونگے۔ اللہ کے برگزیدہ بندوں کی یہ نشانی ہے کہ وہ امن، محبت، تقویٰ اور بھائی چارے کو عام کرتے ہیں۔ فساد فی الارض سے دور رہتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ آپریشن رد الفساد اپنے مقاصد میں کامیاب ہو اور ملک میں امن قائم ہو۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشتگردی اور رد الفساد کے خاتمے کیلئے 37 سے زیادہ کتابیں لکھیں ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ان کتابوں میں امن، محبت، بھائی چارے اور احترام انسانیت کی بات کی ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے، آئے روز معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، دہشت گرد اور فساد پیدا کرنے والے اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے مجرم ہیں، ان فسادیوں کا کوئی مذہب نہیں، ان کا خاتمہ کرناہر امن پسند کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے ان قاتلوں کو سخت سے سخت ترین سزاء دی جائے تاکہ یہ سزاء تمام شر پسندوں کے لیے باعث عبرت ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات کے خاتمے کے لیے علمائے کرام کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، تمام فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں، علمائے کرام اختلافا ت کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق، اتحاد اور یگانگت کے فائدوں پر غور کریں، ملکی حالات کی بہتری کے لیے تجاویز دیں، دہشت گردوں اور فسادیوں کے خاتمے کے لیئے تجاویز بھی دیں اور دعا بھی کریں تاکہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے لیے راستے تلاش کئے جاسکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top