غیر مسلم بیٹیوں کی شادیاں منہاج القرآن کی قابل تقلید انسانی خدمت ہے: ڈاکٹر جیمز چنن

مورخہ: 15 مارچ 2017ء

منہاج القرآن کی تقریبات میں قائداعظم کا پاکستان نظر آتا ہے: ڈاکٹر منوہر چاند، وجے کمار
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا نے غیر مسلم رہنماؤں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی کتب تحفہ میں دیں

لاہور (15 مارچ 2017) مسیحی رہنما ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کی تقریبات میں قائداعظم کا پاکستان نظر آتا ہے، غیر مسلم بیٹیوں کی شادیاں منہاج القرآن کی قابل فخر اور قابل تقلید انسانی خدمت ہے۔ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب میں غیر مسلم جوڑوں کی شرکت، بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کی اعلیٰ مثال ہے۔ ہر سال مسلم جوڑوں کے علاوہ ہندو اور مسیحی غریب خاندانوں کی بے سہارا بچیوں کی مسلم جوڑوں کے ہمراہ شادیاں اسلامی بھائی چارہ کیے فروغ کا عظیم عملی مظاہرہ ہے جس پر ہم منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے جملہ عہدیداران کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریورنڈ سیموئل، ریورنڈ جوزف جان، ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت بھگت لال، پنڈت وجے کمار اور ارون کمار کے ہمراہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہندو رہنما پنڈت بھگت لال نے کہا کہ پچھلے سال 2016ء میں ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں ہندو خاندان کی بیٹیوں کو بھی باوقار انداز سے رخصت کیا گیا۔ یہ عمل پورے معاشرے کے لیے باعث تقلید ہے یہی پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات اور بانی پاکستان کا سیاسی ویژن ہے۔ اس طرح کی فلاحی سرگرمیوں سے بین المذاہب رواداری کو فروغ مل رہا ہے۔

سہیل احمد رضا نے رہنماؤں کو بتایا کہ اس سال 19 مارچ (اتوار) کو ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں بھی دو مسیحی جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھیں گے۔ تحریک منہاج القرآن شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ سہیل رضا نے ہندو رہنماؤں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصنیف ’’اسلام میں انسانی حقوق ‘‘ تحفے میں دی اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نفرتوں کے خاتمے کیلئے انسانیت کو فکری، علمی اور عملی رہنمائی دے رہے ہیں۔ ان کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کاوشیں تاریخی ہیں۔ سہیل رضا نے وفد کو بتایا کہ اسلام دین محبت ہے اور بنیادی انسانی حقوق کا محافظ اور علمبردار ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top