لاہور: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پی پی 144 میں ورکرز کنوشن

مورخہ: 24 مارچ 2017ء

تحریک منہاج القرآن لاہور کا ورکرز کنونشن پی پی 144 شالامار ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ انجینئر رفیق نجم نے کی۔ کنونشن میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں مکمل انصاف کیلئے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی جوڈیشل رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ کنونشن میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان، اسلم طاہر، طارق الطاف سمیت منہاج القرآن و عوامی تحریک لاہور کے ضلعی، تحصیلی، پی پی رہنما کنونشن میں موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے کارکنان ممبر سازی مہم میں تیزی لائیں، منہاج القرآن لاہور اور عوامی تحریک لاہور کے عہدیدار یونین کونسل سطح سے نیچے وارڈ تک تنظیم سازی مکمل کریں، عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم میں تیزی لائیں، لاہور کے کارکنان ہر پی پی حلقہ سے 10 ہزار نئے ممبر بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں، ملک میں حقیقی تبدیلی کا دروازہ اسی سے کھلے گا، جب بھی قائد انقلاب کال دیں گے تو دنیا دیکھے گی کس طرح شہر لاہور سے عوام کے قافلے نکلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرپشن کو تحفظ دینے والا نظام ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشتگردی کر کے بے گناہ مرد و خواتین کو شہید و شدید زخمی کرنے والے کبھی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ شہیدوں کا قصاص لیا جائیگا، قاتلوں اور لٹیروں کی منزل پھانسی کا پھندا اور جیل ہو گی، انہوں نے کہا کہ کارکن حوصلے بلند رکھیں حکمران 98 فیصد عوام کے بنیادی فیصد حقوق پر قابض ہیں، قائداعظم کے پاکستان کو جلد لٹیروں سے چھڑا لیں گے، ملک میں آئین پاکستان قانون اور جمہوریت کا وجود سرے سے ہے ہی نہیں بلکہ سر سے پاؤں تک لاقانونیت اور لوٹ کھسوٹ کا راج ہے۔

منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے غیور کارکنوں نے قائدانقلاب کی کال پر ہمیشہ لبیک کہتے ہوئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، 17 جون کو لاہور کے کارکنوں نے جرات اور بہادری کے ساتھ حکمرانوں کے ظلم و جبر کا مقابلہ کر کے قربانیوں، شہادتوں کی تاریخ رقم کی اور اپنے قائد سے والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے لاہور کی عوام کو خوشحالی و ترقی کے سہانے خواب دکھائے جارہے ہیں جبکہ حقیقت میں ان منصوبوں کے ذریعے قومی خزانے سے کھربوں کی کرپشن کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد مجبور اور پسی ہوئی عوام کے حقوق کی بحالی ہے، ہماری سیاست 20 کروڑ عوام کے مایوس چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہے۔

کنونشن سے ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، ناظم ویلفیئر لاہور ثناء اللہ خان، حاجی غلام غوث ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top