پارا چنار دھماکہ ملک میں جاری دہشتگردی کا تسلسل ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 31 مارچ 2017ء

قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے، حکمران دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں سنجیدہ نہیں
3 ماہ کے جھگڑے کے بعد فوجی عدالتیں بنیں، قومی ایکشن پلان پر 23 ماہ بعد بھی عمل نہ ہوا

لاہور (31 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پارا چنار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار دھماکہ ملک میں جاری دہشت گردی کا تسلسل ہے۔ حکمران دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ 3 ماہ کے جھگڑے کے بعد فوجی عدالتوں کو توسیع ملی اور 23 ماہ گزر جانے کے بعد بھی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ پارا چنار دہشت گردی کے بعد ایک بار پھر یہ بات کھل کر سامنے آگئی کہ دہشت گرد ختم نہیں ہوئے بلکہ دائیں بائیں محفوظ پناہ گاہوں میں موجود ہیں اور انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ خون کی ہولی کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کمیشن رپورٹ میں ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے والے جن وزراء اور افسران کے نام سامنے آئے ان کے خلا ف کیا کارروائی ہوئی؟۔ انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گرد حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک سے مسلح دہشت گردی کا کبھی خاتمہ نہیں ہو سکے گا۔ قوم کب تک لاشیں اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے پارہ چنار بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top