حکمرانوں اور منصفوں کو حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کی سیرت سے رہنمائی لینا ہو گی: سید فرحت حسین شاہ
کروڑوں افراد کے اس ملک میں کتنے ہیں جنہوں نے حضرت علی رضی اللہ
عنہ کو اپنا آئیڈیل بنا رکھا
کامیابی و کامرانی کیلئے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو اپنا آئیڈیل بنانا ہو گا
’’سیرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب
لاہور (12 اپریل 2017) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ آج کی عدالتوں اور منصفوں کوفیصلے کرتے ہوئے حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انکی سیرت سے رہنمائی لینا ہو گی۔ حکومتی امور کو بہتر بنانے کیلئے خلیفۃ المسلمین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا گورنر مالک اشتر کو لکھا جانیوالا خط حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ فاتح بدر و حنین، خندق و خیبر امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ اسلامی تاریخ کی وہ عظیم ہستی ہیں جن کا پاکیزہ کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز ہے۔ حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ نے آنکھ کھولی تو کعبہ میں۔ درسگاہ نبوی ﷺ میں تعلیم و تربیت پائی، حضرت علی رضی اللہ عنہ عشق رسول ﷺ کا کامل اور متحرک مجسم تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ حسن سلوک، آداب معاشرت اور اصول احسان کا مجسمہ تھے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے خلیفہ اور طریقت کے امام بھی ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام یوم ولادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے سلسلہ میں ’’سیرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر الحاج علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، کامران صدیق نوری، علامہ محمد حسین آزاد و دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ علم شریعت اور فقہ کے پیشوا بھی ہیں۔ تقوی آپ رضی اللہ عنہ کو مثال بناتا ہے اور عبادت آپ رضی اللہ عنہ کو مرقع جانتی ہے۔ انہوں نے کہاکروڑوں افراد کے اس ملک میں کتنے ہیں جنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اپنا آئیڈیل بنا رکھا ہے۔ نوجوان، بچے اور بچیاں زندگی اور آخرت میں کامیابی و کامرانی چاہتے ہیں تو حضرت علی کرم اللہ وجہہ اور سیدہ فاطمۃ الزہراہ کو اپنا آئیڈیل بنانا ہو گا۔
تبصرہ