پینڈل کمیونٹی ریڈیو کی پہلی سالگرہ کی پروقار تقریب

موجودہ دور میں میڈیا کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ بدی کی قوتیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کےذریعے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔ ایسے میں ہمیں نیکی کی ترویج و اشاعت کے لئے اس سے بڑھ کر جدید ذرائع کو استعمال میں لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے تحت چلنے والے پینڈل کمیونٹی ریڈیو کی پہلی سالگرہ کےموقع پر مقررین نے کیا۔ مہمانوں نے کمیونٹی کی خدمات کے حوالے سے ریڈیو آواز FM-103.1 کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس کی شب و روز کی نشریات کو پسند کیا۔

منہاج ویلفئر فاؤنڈیشن (MWF) کی طرف سے شاہد کلیم نے اس پروگرام میں MWF کے حوالے سے پریزنٹیشن پیش کی اور اس کی تعلیمی و فلاحی خدمات کے حوالے سے حاضرین کو بریفنگ دی۔ریڈیو آواز کے میزبان علامہ شمس الرحمان آسی نےکہا کہ پینڈل اور اس کےگرد و نواح میں موجود ہماری کمیونٹی کے پاس اس ریڈیو کا اہم پلیٹ فارم موجود ہے اور ہم اسلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام بہتر انداز میں لوگوں تک پہنچا رہے ہیں اور تمام اہلِ اسلام کو دعوت ہے کہ اس کے ذریعے اسلام کے عالمگیر پیغام کی ترویج کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

پروگرام کے میزبان نے کہا کہ یہ ریڈیو اسلام کا اصل پیغامِ امن نہایت احسن انداز سےدنیا تک پہنچا رہا ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان تمام اہلِ فکر و صاحبانِ علم کا تہ دل سےشکریہ ادا کیا، جو اس ریڈیو کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نےپینڈل اور اس کےگرد و نواح کی تمام کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس ریڈیو کی تشریات کے حوالے سے خدمات سرانجام دیں اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہمارے تمام پریزنٹر اور ریڈیو کے ساتھ تعاون کرنے والے دیگر احباب اس سے بھی بڑھ کر ہمارے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

پروگرام کےاختتام پر علامہ سید ریاض حسین شاہ نے ریڈیو کی مزید ترقی کیلئے دعا کی۔ اس ڈنر میں علاقہ کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور ریڈیو کے تمام میزبان خواتین و حضرات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس ڈنر کی خاص بات یہ تھی کہ ان تمام پریزنٹرز کو اس میں دعوت دی گئی تھی جنہوں نےکسی بھی پروگرام کی میزبانی کی۔ تمام پریزنٹرز کو اس ڈنر میں ایک دوسرےسے ملاقات کا موقع بھی ملا اور سب نے ریڈیو آواز کے ذریعے اسلام کے عالمگیر پیغام کو مزید محنت کےساتھ اہل علاقہ تک پہنچانےکا عزم کیا۔

یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں اشاعتِ دین اور اتحادِ امت کی دعوت کا کام کر رہی ہے اور آواز ایف ایم 103.1 واحد مستقل ریڈیو ہے، جو اس عظیم تحریک کے پیغام کی ترویج کے حوالے سے کام کر رہا ہے، جسے پینڈل برطانیہ کے علاوہ انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں سنا جاتا ہے۔

رپورٹ: شمس الرحما ن آسی (نیلسن ۔برطانیہ)
مرتب: میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top