سویڈن: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا ’’امن کانفرنس‘‘ سے خطاب

مورخہ: 25 مارچ 2017ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن نے 26 مارچ 2017 کو سٹاک ہوم کے فیتیا سکول کے کانفرنس ہال میں ’امن کانفرنس‘ کا انعقاد کیا۔ کانفرنس سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ رجب فتح علی خان نے بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے امن کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان، اسلام اور احسان کی بنیاد امن و سلامتی پر ہے۔ مومن اور مسلم فقط وہ ہے جس سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ انہوں نے غیرمسلموں کے ساتھ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حسن اخلاق کی بہت سی مثالیں بیان کیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یورپ میں رہنے والے مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ رحمۃ للعالمین ﷺ کے پیروکار بن کر جیئں۔ محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھنے والے نہ کسی کو تکلیف دے سکتے ہیں اور نہ کسی کو قتل کرنے کا تصور کرسکتے ہیں۔

کانفرنس سے سید ذوالفقار احمد شاہ، علامہ حسنین گوانی، سینئر صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر عارف کسانہ، صحافی ایمونیل راتک نے بھی خطاب کیا۔

شرکاء نے اس علمی، معلوماتی اور تربیتی کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن اور یورپین کونسل زون ون کے صدر سید محمود شاہ اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ ایسے پروگرام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

قبل ازیں سویڈن پہنچنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے کارکنان نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں ایڈوکیٹ شفقت کھٹانہ، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن سٹاک ہوم ڈاکٹر ذیشان اور کارکنان شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top