جنوبی افریقہ: ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کی علماء و مشائخ کے ساتھ نشست
منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ نے 23 اپریل 2017 کو کیپ ٹاؤن میں مسجد القدس کے آڈیٹوریم ہال میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور سکالرز کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا۔ علمی نشست میں ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے اسلام کے تصور جہاد اور امن کے حوالہ سے مدلل گفتگو کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ جہاد کے معنیٰ کوشش اور جدوجہد کے ہیں۔ ظلم و جبر کے خلاف کی جانے والی کوشش اور جدوجہد ہی دراصل جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں جہاد کا ذکر 36 آیات کریمہ میں ہوا ہے 32 آیات کریمہ میں اسے دفاعی جنگ کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک قرآن کریم میں فرماتا ہے جس نے تزکیہ نفس کیا وہ کامیاب ہوا جس نے مخالفت کی وہ ناکام ہوا۔ داعش سمیت شدت اور تشدد پسند تنظیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں اسلام دشمن طاقتیں قرار دیا جو خدا کے دین کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا دشمن بھیس بدل کر ہماری صفوں میں داخل ہوچکے ہیں جو امت مسلمہ کے نوجوانوں کو جہاد کے نام پر گمراہ کر رہے ہیں۔ اسلام محبت و رواداری کا درس دیتا ہے۔ حالت جنگ میں بھی ضعیف، عورتوں، بچوں اور حتی کہ جانوروں کو بھی تحفظ دیتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسا جہاد ہے جس میں سکو ل کے بچوں کو ذبح کیا جاتا ہے؟ راہ چلتے ہوؤں کو نشانہ بنایا جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 700 سے زائد صفحات پر دہشتگردوں کے خلاف ایک تاریخی فتویٰ جاری کیا ہے جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔ بڑی بڑی یونیورسٹیوں نے اس کو نصاب میں شامل کر لیا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ ظلم کےخلاف لوگوں کو شعور دے رہی ہے۔
نشست میں ڈائریکٹر مدینہ انسٹیٹیوٹ حافظ محمود خطیب، عالمی سفیرِ منہاج القرآن علامہ صادق قریشی، سابقہ میئر کیپ ٹاؤن ابراہیم رسول، شیخ سعد اللہ خان، علامہ فخر الدین اویسی المکی، جان عالم، چوہدری سعید احمد، سید مدثر علی شاہ قادری، ابوبکر رانا آصف، قاری شوکت علی مصطفوی، جاوید قبال سمیت علماء و مشائخ، سیا سی شخصیات، وکلا، ڈاکٹرز اور طلباء نے شرکت کی۔
تبصرہ