چائینہ کرسچین کونسل کے سیکرٹری جنرل کی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز سے ملاقات

رہنماؤں میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی و ثقافتی رواداری کے حوالہ سے تبادلہ خیال
چین پاکستان کا قابل بھروسہ ہمسایہ اور دوست ہے، سہیل احمد رضا

لاہور (27 اپریل 2017) چائینہ کرسچین کونسل کے سیکرٹری جنرل ریورنڈ بوپنگ چی کی قیادت میں 8 رکنی اعلی سطحی وفد نے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا سے لاہور میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ریورنڈ فادر جیمز چنن، بشپ رابرٹ عزرایا، رویورنڈ عمانویل، سردار کلیان سنگھ، علامہ بدر منیر، علامہ عبدالمصطفیٰ چشتی بھی موجود تھے۔ وفد نے چائینہ میں بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی و ثقافتی رواداری اور خطے کے جغرافیائی و سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کے بین الاقوامی کردار کو سراہا۔ وفد نے سہیل رضا کو بتایا کہ چائینہ میں 45 ملین مسیحی اور تقریباً 20 ملین سے زائد مسلمان بستے ہیں۔ وہاں کی مذہبی اقلیتیں چائینہ کے آئین میں دئیے گئے حقوق کے مطابق آزادی سے اپنے مذاہب اور عقائد پر عمل پیرا ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے قابل بھروسہ دوست اور ہمسائے ہیں، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن، مذہبی وسماجی رواداری کے فروغ کیلئے عملی کاوشیں کرنا ہو نگی۔ مذاہب کے درمیان مشترکات پر ابھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے ہمسائیہ ملک چین کے ساتھ اقتصادی ترقی کے علاوہ سماجی روابط کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کی جانیوالی کوششوں کو اپنے بھر پور تعاون کے ساتھ کامیاب بنانے کا یقین دلاتے ہیں۔ عالمی امن کے قیام میں پاک چائینہ تعلقات اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top