تحریک منہاج القرآن کے وفد کی سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس سے ملاقات

تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے 4 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے سربراہ عوامی تحریک بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر مایہ ناز بلے باز سابق صدر آئی سی سی، قومی ہیرو اور ایشیئن بریڈ مین کے لقب سے پہچانے جانے والے عظیم کھلاڑی ظہیر عباس سے 27 اپریل کو لاہور پنجاب سپورٹس بورڈ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، وفد کی قیادت ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول قادری نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عبدالحفیظ چوھدری، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنزسہیل احمد رضا اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شیخ آفتاب احمد وفد میں شامل تھے۔

وفد نے ظہیر عباس سے ان کے والد کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا، وفد نے مرحوم کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

ظہیر عباس سے ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہزاد رسول و دیگر نے ماضی کے دریچوں میں جھانکتے ہوئے ظہیر عباس سے قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتوحات کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی اور خاص طور پر ظہیر عباس کے عمدہ کھیل پر بات چیت کی، وفد نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں چھائی مایوسی، سیاسی عمل دخل، نان پروفیشنل لوگوں کو دیئے جانے والے اختیارات اور کھیلوں کے زوال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ظہیر عباس نے بتایا کہ جس طرح ڈاکٹر طاہرالقادری ملک و قوم کے بگڑے ہوئے حالات پر دل گرفتہ ہیں اور فکر مند ہیں وہ ملکی استحکام اور قوم کی فلاح کیلئے جہد مسلسل کر رہے ہیں بالکل اسی طرح میرے سمیت کرکٹ، سکوائش، ھاکی، ریسلنگ و دیگر کھیلوں اور ملک سے محبت کرنے والے کھلاڑی بھی کھیلوں پر چھائے موجودہ بحران و زوال سے بہت پریشان ہیں۔

ظہیر عباس نے کہا کہ اگر کرکٹ کی بہتری کیلئے مجھے کوئی ذمہ داری پورے اختیارات کے ساتھ دی جا تی ہے تو اپنے تجربے اور قوم کی دعاؤں سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا عروج اور فتوحات کا سلسلہ ان شاء اللہ بحال کرونگا اور سبز ہلالی پرچم ایک بار پھر پوری دنیا میں سر بلند ہوگا۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے پاکستان میں موجود انٹرنیشنل کرکٹ میدانوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کو واپس لانا ہوگا۔ اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ قوم امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کیلئے بڑی نعمت ہیں، میں انکے خطابات بڑے شوق سے سنتا ہوں وہ اپنی گفتگو میں ہمیشہ اللہ اسکے رسول ﷺ اور قرآن وسنت کے احکامات کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کی بات کرتے ہیں ملک بھر میں بغیر سرکاری سرپرستی چارٹرڈ یونیورسٹی، درجنوں کالجز اور سینکڑوں سکولز کا جال ڈاکٹر طاہرالقادری کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اسلامک و کلچرل سینٹرز کا منظم اور وسیع نیٹ ورک دیکھ کر خوشی اور حیرت کی انتہاء نہیں رہتی بلاشبہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام، پاکستان اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ وہ قوم کی خوشحالی، ملکی استحکام اور ترقی کی بات کرتے ہیں۔

وفد نے ظہیر عباس کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصانیف کا تحفہ پیش کیا اور انہیں منہاج القرآن سیکرٹریٹ و یونیورسٹی کے وزٹ کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قبول کیا اور جلد آنے کا وعدہ کیا۔

رپورٹ: شیخ آفتاب احمد  (ڈپٹی ڈائریکٹر P.R)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top