امریکہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل Connecticut کے زیراہتمام معراج النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 22 اپریل 2017 کو منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر Connecticut، امریکہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کا وقت 8 بجے سے لے کر 10 بجے تک کا تھا۔ محفل کا آغاز حافظ نعمان سرور نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول درود و سلام کی صورت میں نچھاور کیے گئے۔ محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور حاجی غلام سرور نے پروگرام کی صدارت فرمائی۔
بعدازاں محفل نعت سجائی گئی جس میں ارشد لطیف، محمد عدن اخلاق، علامہ اویس منصف، علیشاہ، رجاء، علینا اور سینٹر کے دیگر بچوں نے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ نقابت کے فرائض ڈائریکٹر منہاج القرآن سنٹر کنیٹیکٹ علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دیئے۔ انہوں نےاعلان کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس سنٹر پر ہر جمعہ کو 6 بجے سے 7:30 بجے تک خواتین کے لیے اور ہر روز مغرب سے عشاء تک مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں جبکہ بچوں کے لیے حفظ القرآن اور ناظرہ کی کلاسز بھی جاری ہیں۔
علامہ محمد شریف کمالوی نے معراج کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے انگلش زبان میں خطاب کیا اور وحی کی اقسام بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ غیب ہے، اس کے فرشتے، جنت، دوزخ، سب غیب ہے۔ لوگوں کو بتانا تھا کہ یہ سب کچھ ہے اس لیے اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بلا کر سب کچھ دکھا دیا تاکہ جو لوگ سوال کرتے ہیں انہیں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری تسلی کے ساتھ بتائیں۔
ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیو جرسی علامہ محمد اویس منصف قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفر معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور اس میں جو تحفہ اللہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت کو عطا کیا وہ نماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز اللہ تعالیٰ سے مناجات ہیں اور تہجد اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا ذریعہ ہے۔ ان کےخطاب کے بعد درود وسلام پڑھا گیا اور دعائیہ کلمات پر محفل کا اختتام ہوا۔
تبصرہ