ایم ایس ایم کا لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج، تعلیمی بجٹ بڑھانے کا مطالبہ

مورخہ: 21 مئی 2017ء

5 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش، تعلیم کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے، طلباء رہنماء
تعلیمی اداروں کو انتہا پسندی، کرپشن اور منشیات سے پاک کیا جائے، عرفان یوسف
احتجاجی ریلی میں سینکڑوں طلباء کی شرکت، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

لاہور (21 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن کے طلباء ونگ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی طرف سے لاہور پریس کلب کے باہر نکالی گئی۔ حقوق طلباء ریلی میں پانچ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ 1۔ تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فی صد کے برابر لایا جائے 2۔ تعلیمی اداروں کو کرپشن، انتہا پسندی اور منشیات سے پاک کیا جائے 3۔ 10 سال کیلئے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے 4۔ فرسودہ و طبقاتی نظام تعلیم کو تبدیل کیا جائے 5۔ عوامی نمائندوں اور 18 گریڈ کے افسران کے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروانے کیلئے قانون سازی کی جائے۔ ریلی کی قیادت ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کی۔ صدر لاہور یونس نوشاہی، رانا حسن نثار، سید فاروق شاہ، حسن چھٹہ کی قیادت میں سینکڑوں طلبہ ریلی میں شریک ہوئے۔

عرفان یوسف نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کے 5 فی صد کے برابر نہیں لایا جاتا تب تک تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کی کوئی کوشش کارگر ثابت نہیں ہو گی۔ پاکستان میں تعلیم پر 2 فی صد بجٹ خرچ کر کے تعلیم کو فروغ دینے کے دعوے دھوکہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوامی نمائندوں اور اعلیٰ افسران کے بچے سرکاری سکولوں میں داخل نہیں ہونگے۔ تب تک سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتر نہیں ہو گا۔ مراعات یافتہ خاندان اپنے بچوں کو مہنگے سکولوں میں پڑھاتے ہیں، جبکہ غریب کے بچے تعلیم، بجلی، واش روم اور چار دیواری کی سہولت سے محروم سکولوں میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔ غریب کے بچے کو معیاری تعلیم کے حصول سے محروم رکھنا آئین، اسلام اور اخلاقیات کے خلاف ہے۔

یونس نوشاہی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیں یہ پیغام اور تربیت دی ہے کہ تعلیم کے فرو غ کیلئے گلی گلی جائیں اور ہم یہ اپنا قومی اور اسلامی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، کراچی جیسے شہروں کے تعلیمی اداروں میں منشیات بک رہی ہے۔ طلباء کو جرائم پیشہ گروہوں سے بچانا اور انکی قومی اخلاقی تربیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ والدین اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے انہیں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں جہاں وہ بد قسمتی کے ساتھ منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں پڑھانے والے اساتذہ اور عملہ کی سکریننگ ہونی چاہیے کہ آیا وہ کسی کے آلہ کار بن کر ہماری آئندہ نسلوں کو تباہ و برباد کرنے کے ایجنڈے پر تو گامزن نہیں؟

رانا حسن نثار نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن علم اور امن کی تحریک ہے۔ ہم نوجوانوں کو انتہا پسندی اور خارجی فکر سے بچانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان کا نمبر ون مسئلہ نوجوانوں کو ملک و ملت کا مفید شہری بنانا ہے۔ احتجاجی ریلی میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی اور تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فی صد تک بڑھانے کیلئے نعرے لگائے۔

مرکزی صدر عرفان یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیلئے آج کے دن لاہور کے علاوہ 5 شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ بجٹ میں اگر ہمارے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا جائیگا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top