علماء معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کریں: حافظ غلام فرید

مورخہ: 01 جون 2017ء

امت مسلمہ اور انسانیت کو اتحاد و اتفاق کی شدید ضرورت ہے: امیر لاہور
لاہور کی مختلف مساجد کے علماء سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کے دوران گفتگو

لاہور (01 جون 2017) منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید سے لاہور کی مختلف مساجد کے علماء نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ علماء کے وفد نے کہا کہ اتحاد امت اور باہمی رواداری کے فروغ کیلئے منہا ج القرآن کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دہشتگردی کے خلاف فتویٰ اور نصاب امن سے رہنمائی لے کر دہشتگردی کی فکر کو ختم کیا جا سکتا ہے، اس وقت امت مسلمہ اور انسانیت کو اتحاد و اتفاق کی شدید ضرورت ہے۔ وفد میں علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب، علامہ شیراز حسنات، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ لطیف مدنی، علامہ یاسر اقبال، علامہ غلام ربانی تیمور، علامہ مشتاق احمد، علامہ بشیر ضیاء و دیگر علماء شامل تھے۔ علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک اسلامیہ کے اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز مادیت اوربگاڑ کے خلاف تعمیری کردار اد اکر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ تحریک منہاج القرآن دینی و احیائی تحریک ہے اور علم کے حصول کا کلچر پیدا کرنے کیلئے با مقصد محنت کو شعار بنا کر مختلف چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے علماء کو بتایا کہ لاہور میں سینکڑوں مقامات پر منہاج القرآن کے زیر اہتمام دروس قرآن کا سلسلہ جاری ہے، یہ سلسلہ پورے رمضان المبارک میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دلوں کو توڑنے والی نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے والی تحریک ہے۔ عاجزی، انکساری سے معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلتی ہے، جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے سلامتی اور محبت کے رویے جنم لیتے ہیں۔ حضور ﷺ نے امن، محبت اور انسانیت کا پیغام دیا ہے۔ جب ہم حضور ﷺ کی حیات مبارکہ کو دیکھتے ہیں تو ہمیں انکی طرف سے عائد کردہ ذمہ داریوں کا بھی خیال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب لپ سروس سے کام چلانے کی بجائے فتنوں کے خاتمے کیلئے علماء کو قوم کی رہنمائی کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top