روزہ عبادت کے ساتھ طبی اعتبار سے بھی مفید ہے: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 09 جون 2017ء

اللہ کا فرمان ہے ’’تمہارا روزہ رکھ لینا تمہارے لیے مفید ہے، اگر تمہیں سمجھ ہو‘‘
اجتماعی افطاری اتحاد امت اور برادرانہ اخوت کو فروغ دینے کا اکسیر نسخہ ہے

لاہور (9 جون 2017) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ روزہ عبادت کے ساتھ ساتھ بے پناہ طبی فوائد کا حامل ہے، سورہ البقرہ میں اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا ’’اور تمہارا روزہ رکھ لینا تمہارے لیے بہتر ہے، اگر تمہیں سمجھ ہو‘‘ وہ جامع المنہاج میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ نعمت غیر مترکبہ ہے، وہ کلمہ گو خوش قسمت ہیں کہ جو اپنی زندگی میں صحت و تندرستی کے ساتھ رمضان کریم کو پاتے ہیں اور پھر اس کا حق ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دین اسلام اجتماعیت کا دین ہے یہ واحد آسمانی ضابطہ حیات ہے جس نے انفرادیت پر جماعت کو ترجیح دی، منتشر انسانوں، تہذیبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ہر ایک کے حقوق، کلچر، روایات، عبادت گاہوں کو تحفظ دیا، میثاق مدینہ اس کی نادر مثال ہے، سحر و افطار میں اجتماعیت کا رنگ دین اسلام کو ہر مذہب کے رنگ اور کلچر سے ممتاز کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت روزہ دار افطاری کا اہتمام کریں اس سے ٹوٹے ہوئے دل جڑیں گے، شخصی و طبقاتی امتیاز کا خاتمہ ہو گا، پیار، محبت اور قربانی کے جذبات فروغ پائیں گے، روزے داروں کا میزبان بننے سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ’’ایک آدمی کا کھانا دو آدمیوں کیلئے کافی ہے، دو آدمیوں کا کھانا چار کیلئے کافی ہے اور چار کا کھانا آٹھ کیلئے کافی ہے‘‘ اس انتہائی خوبصورت اور برکتوں والی حدیث مبارکہ کا پیغام یہ ہے کہ کسی کو کھانا کھلانے سے کھانا کم نہیں ہوتا، اس کھانے میں اللہ رب العزت برکت فرما دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنی حیثیت کے مطابق اجتماعی افطاری کی سنت کو زندہ رکھا جائے اور بلاتمیز اپنے دستر خوان پر روزے داروں کو جگہ دو اس میں برکت ہے۔ اجتماعی افطاری اتحاد امت اور برادرانہ اخوت کو فروغ دینے کا اکسیر نسخہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top