مسلم حکومتیں خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

ڈاکٹر غزالہ حسن کو پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے پر گفتگو، برمنگھم یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت
سربراہ عوامی تحریک کی بہو کو ’’خلع کا حق، اس کی تاریخی حیثیت اور پاکستان میں اس کا عملی نفاذ‘‘ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری ملی
90 ممالک میں قائم اسلامک سنٹرز کو معیاری تعلیم کے سرپرست مراکز میں بدلا جارہا ہے، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (7 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مسلم حکومتیں باوقار ترقی کیلئے خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دیں، خواتین کو اعلیٰ تعلیم دیئے بغیر اصلاح معاشرہ و کردار سازی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، دنیا میں آنے والے ہر ذی نفس کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی بہو ڈاکٹر غزالہ قادری کو برمنگھم یونیورسٹی کی طرف سے پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے کے موقع پر کیا، ڈاکٹر غزالہ قادری نے ’’خلع کا حق، اس کی تاریخی حیثیت اور پاکستان میں اس کا عملی نفاذ ‘‘ پر مقالہ تحریر کیا جس پر انہیں برمنگھم یونیورسٹی کی طرف سے پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس موقع پر خصوصی طور پر برمنگھم یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کی اور کامیاب تاریخی مقالہ تحریر کرنے اور ڈگری ملنے پر اپنی بہو ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کو مبارکباد دی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام نے تعلیم کے حصول کے معاملے میں مرد اور خاتون میں کوئی تمیز نہیں رکھی، تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے اہداف میں ایک ہدف خواتین کو بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے اور الحمداللہ تحریک منہاج القرآن اس اسلامی، ملی، قومی اور بین الاقوامی ذمہ داری کو اپنی مدد آپ کے تحت پورا کررہی ہے، منہاج یونیورسٹی لاہور کی شکل میں ایک بین الاقوامی معیار کا علمی ادارہ قائم کیا گیا جس میں اس وقت ساڑھے 6 ہزار سے زائد طلبا و طالبات جدید علوم حاصل کررہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں طالبات منہاج القرآن کے گرلز کالج میں زیر تعلیم ہیں اور اب دنیا کے 90 ممالک میں قائم منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز کو معیاری و عصری تعلیم کے سرپرست مراکز میں بدلا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے بغیر پاکستان یا امت مسلمہ ترقی کے عصری اہداف حاصل نہیں کر سکتی۔

برمنگھم یونیورسٹی کے کانووکیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس بخاری، جنرل سیکرٹری معظم رضا، ڈاکٹر زاہد اقبال، صدر منہاج سکالرز ڈاکٹر رفیق حبیب، داؤد مشہدی، علامہ افضل سعیدی، صدر ویمن لیگ یو کے مسز فاطمہ مشہدی سمیت منہاج وویمن لیگ اور منہاج سنٹرز لیگ برطانیہ نے تعلیمی میدان میں محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کو مبارکباد دی۔

دریں اثناء منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، ویمن لیگ پاکستان کی مرکزی صدر فرح ناز نے پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے پر ڈاکٹر غزالہ حسن کو مبارکباد دی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top