ماڈل ٹاؤن پر پانامہ جیسی جے آئی ٹی بن جاتی تو ورثا کو انصاف مل چکا ہوتا

مورخہ: 03 اگست 2017ء

قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کارکن پوری طرح تیار ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
امید ہے گاڈ فادر کی نااہلی کے بعد شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف ملے گا
3سال کا ہر دن قانونی جدوجہد میں گزرا، قاتل اعلیٰ کو کٹہرے میں لانے کیلئے ہر حد تک جائینگے
کیا انصاف کے حصول کا یہی پیمانہ ہے کہ ہزاروں افراد کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کیا جائے؟ گفتگو
عوامی تحریک کے سربراہ کو وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا

لاہور (3 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پاناما جیسی غیر جانبدار، بااختیار جے آئی ٹی بن جاتی تو ورثاء کو انصاف مل چکا ہوتا، قاتل اعلیٰ پنجاب کو کٹہرے میں لانے کیلئے ہر حد تک جائینگے۔ قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کارکن پوری طرح تیار ہیں۔ کیا انصاف کے حصول کا یہی پیمانہ ہے کہ ہزاروں افراد کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کیا جائے؟ 3 سال کا ہر دن شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کی قانونی جدوجہد میں گزارا، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے کیس 3 سال سے لاہور ہائیکورٹ میں ہے۔ ٹرائل کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے عوامی تحریک کے وکلاء سے ٹیلی فون پر خطاب کیا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تمام کیسز کی قانونی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وکلاء نے سربراہ عوامی تحریک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ استغاثہ میں 17 ماہ سے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور پولیس کی طرف سے عوامی تحریک کے کارکنوں پر درج ہونیوالی جھوٹی ایف آئی آر کے چالان میں 3 سال سے پیش ہو رہے ہیں۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے 3 سال سے لاہور ہائیکورٹ میں بیٹھے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ شریف برادران کو طلب نہ کئے جانے پر اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے اے ٹی سی کی طرف سے طلبی آرڈر کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے حاصل کئے گئے حکم امتناہی کو بھی چیلنج کر رکھا ہے۔

وکلاء نے بتایا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی طرف سے اے ٹی سی کو درخواست دی گئی تھی کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کو استغاثہ کیس کا حصہ بنایا جائے مگر اے ٹی سی نے اس درخواست کو مسترد کر دیا اسے ہم نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اپیل خارج ہونے پر اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، جہاں سے ابھی تک کوئی تاریخ نہیں ملی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ گاڈ فادر کی نا اہلی کے بعد ہمیں امید ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو عدالتوں سے انصاف ملے گا اور تمام چھوٹے بڑے قاتل انجام کو پہنچیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top