نوجوانوں کو داعش کے باطل نظریات سے بچانا ملی ذمہ داری ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 24 اگست 2017ء

منہاج القرآن کو 25 کتب پر مشتمل متبادل بیانیہ تیار کرنے کا اعزاز حاصل ہے
مانچسٹر میں 3 روزہ ’’الہدایہ‘‘ کیمپ 26 اگست سے شروع، 5سو سے زائد برٹش مسلم نوجوان شریک ہونگے

لاہور (24 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو داعش کے باطل نظریات سے بچانا ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے، عالم اسلام دہشتگردی کا زخم خوردہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں مخصوص فکر کے ساتھ سیاسی اور معاشی ایجنڈے پر گامزن ہیں، ان کا مقصد عدم استحکام پیدا کرنا، امن کو تہ و بالا کرنا اور مذموم مقاصد کی تکمیل ہے۔ تحریک منہاج القرآن کو 25 کتب پر مشتمل دہشتگردی کے خلاف متبادل بیانیہ دینے کا اعزاز حاصل ہے اور تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو فکری و نظریاتی اعتبار سے آئی ایس آئی ایس کے گھناؤنے چہرے سے خبردار کررہی ہے۔ وہ لندن میں اوورسیز تنظیموں کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔

سربراہ عوامی تحریک 3 روزہ انسداد دہشتگردی کے ’’الہدایہ کیمپ‘‘ میں شرکت کیلئے پاکستان سے مانچسٹر گئے ہیں۔ کیمپ کا آغاز 26 اگست سے ہو گا جو 28 اگست تک 3 روز جاری رہے گا، کیمپ میں 5 سو سے زائد برٹش مسلم نوجوان شرکت کررہے ہیں اور متبادل بیانیہ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے مفصل لیکچرز سے مستفید ہونگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی اور بے گناہوں کی جانیں لینے کے عمل کو اسلام اور جہاد سے جوڑنا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے اور ایک گمراہ کن بیانیہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن داعش سمیت دہشتگردوں کے اس گمراہ کن بیانیہ کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور متبادل بیانیہ سے مذاہب عالم کے پیروکاروں کو بالعموم اور مسلم نوجوانوں کو بالخصوص حقیقت سے روشناس کروانا اور نظریہ اور دلیل سے لیس کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top