فیصل آباد: عالمی برادری برما میں مسلمانوں کا قتل عام روکے، عوامی تحریک کا احتجاج
روہنگیا (برما) میں مسلمانوں کے سفاکانہ قتل عام اور بد ترین مظالم کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام 8 ستمبر 2017ء کو ضلع کونسل تا کچہری چوک فیصل آباد احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں عوامی تحریک و منہاج القرآن کے کارکنان اور سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر رفیق نجم، ضلعی امیرسید ہدایت رسول قادری، رانا طاہر سلیم، میاں کاشف محمود، رانا رب نواز انجم، رانا وحید شہزاد، فرحت دلبر قادری، رانا نعیم دستگیر PPP نے کی۔ ریلی میں دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔ جن میں مظہر گجر تحریک انصاف، رائے ساجد حسین، آصف عزیز، میاں ریحان مقبول، ملک بخش الہی سنی اتحاد کونسل، حاجی منیر نورانی میلاد کمیٹی، مجلس وحدت المسلمین اور سلسلہ سیفیہ کے قائدین شامل ہیں۔
انجینئر محمد رفیق نجم نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جو مذموم اور سفاک مہم برمی حکمرانوں کی سر پرستی میں چل رہی ہے اسکی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر ہونیوالے قتل عام میں معصوم بچوں کو بھی گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے۔ عالمی طاقتوں، یو این او، او آئی سی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کی خاموشی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر قانون اور ضابطہ انسانی قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے۔ آج برما میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے اور انسانی حقوق کا واویلہ مچانے والے چپ سادھے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی حکومتیں فوری طور پر برما کے سفیر کو بلا کر اپنا شدید احتجاج نوٹ کروائیں۔
عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے روح فرسا واقعات پر یو این کی خاموشی دنیا میں امن کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ دوہرے معیار کو ختم کئے بغیر دنیا کو امن کا گہوارہ نہیں بنایا جا سکتا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ فرحت دلبر قادری نے کہا کہ عالمی برادری روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے اور یو این فوری طور پر وہاں امن فوج کے دستے بھجوائے۔ یوتھ لیگ کے صدر رائے ساجدحسین نے کہا کہ برما میں جاری بربریت انسانی تاریخ کے بد ترین واقعات میں سے ایک ہے۔ دوسری جانب بے حسی کی انتہا ہے کہ مسلم ممالک کے حکمران بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں۔
تبصرہ