ظلم سے نجات کیلئے جدوجہد کرنے والے حسینی کہلاتے ہیں: علامہ فرحت حسین شاہ

مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا اعلیٰ عبادت ہے
امام عالی مقامعلیہ السلام نے صبر کو قوت بنا کریزیدیت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا: علامہ امداد اللہ قادری
حسینیت عدل و انصاف کا نام ہے، ’’پیغام کربلا کانفرنس ‘‘ سے مقررین کا خطاب

لاہور (25 ستمبر 2017) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا انبیاء علیھم السلام کی سنت اور پیغام کربلا ہے۔ حسینی فکر پر عمل کرتے ہوئے قوم کو ظلم اور استحصال والے نظام اور قاتل حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے علماء مشائخ کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ امام عالی مقام کی جدوجہدظالموں، وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے بنائے ہوئے ظالمانہ، استحصالی، کرپٹ نظام کے خلاف تھی۔ حسینیت عدل و انصاف کے پیغام کا نام ہے اور ظلم سے نجات کیلئے جدوجہد کرنے والے ہی حسینی کہلاتے ہیں۔ کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا مقصد حب الٰہی، خدمت انسانیت اور حق و صداقت کی نشرواشاعت تھا۔

امام حسین علیہ السلام چاہتے تھے کہ سسکتی ہوئی انسانیت پاکیزہ نظام حیات سے اپنی دنیا و آخرت سنوار سکے۔ کسی جابر اور ظالم کو بے گناہ مخلوق پر ظلم ڈھانے کی ہمت نہ ہونے پائے، مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا اعلیٰ عبادت ہے۔ آج 20 کروڑ عوام مصیبت زدہ ہیں، ظلم و بربریت، سیاسی و معاشی دہشتگردی کا شکار ہیں، ظالم اور جابر حکمران مسلط ہیں، قرآن و سنت کے احکامات کے مطابق ظلم پر خاموش رہنا گناہ ہے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’پیغام کربلاکانفرنس ‘‘ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرمرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ الحاج امداداللہ قادری، ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ عثمان سیالوی، علامہ امداداللہ شاہ، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ لطیف مدنی، علامہ غلام اصغر صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ اسلام سماجی مساوات اور انسانی عظمت کا سب سے بڑا داعی ہے۔ عفوودرگزر کا پیغام دیتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے مذہبی اور سیاسی نصاب کو تبدیل کریں۔ جابر حکمرانوں اور پیشہ ور قاتلوں نے معاشرے کو لہو لہان کر دیا ہے، نفرتوں اور تنازعوں کی جلتی ہوئی آگ کو بجھانا ہو گی۔ ذاتی، نظریاتی، مسلکی، لسانی تعصبات کو امن اور محبت سے ختم کرنا ہو گا۔ اگر امت مسلمہ ذلت و رسوائی سے چھٹکارا پانا چاہتی ہے تو اسے شعار حسینی اپنانا ہو گا۔ کربلا میں نواسہ رسول ایسا انقلاب لائے جس نے سسکتی ہوئی انسانیت کو جینا سکھا دیا ۔ انسانی تاریخ کے سب سے بڑے شجاع نے صبر کو قوت بنا کر یزیدیت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر کے اسے مرکز ملامت اور ندامت بنا دیا۔ کانفرنس سے علامہ میر آصف اکبر اور علامہ محمد حسین الازہری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top